تازہ ترین

سستی ترین بجلی بنانے والےپورٹ قاسم پلانٹ کا افتتاح، پیداوار ملکی ضروریات سےبڑھ گئی، وزیراعظم شاہدخاقان

سستی ترین بجلی بنانے والےپورٹ قاسم پلانٹ کا افتتاح، پیداوار ملکی ضروریات سےبڑھ گئی، وزیراعظم شاہدخاقان

کراچی (اسٹاف رپورٹر / نیوز ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے، عام انتخابات اگست 2018ء میں ہونگے، اختلاف رائے ہوسکتا ہے لیکن دہشت گردی کے خاتمے اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 2013 میں جب اقتدار سنبھالا تھا تو اس وقت پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی استعداد منفی میں تھی لیکن آ ج مسلم لیگ ن کی حکومت کی موثر پالیسیوں کے باعث پیداوار ملکی ضروریات سے بڑھ گئی ہے اور پاکستان سرپلس بجلی پیدا کرنے کی پوزیشن میں آگیا ہے، حکومت نے توانائی کا جو منصوبہ شروع کیا ہے اسے بروقت مکمل کیا ، نیپرا نے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 2؍ روپے فی یونٹ کمی کردی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت متحرک اور اظہاررائے کی مکمل آزادی ہے۔ قطر کے شہزادہ المرقاب کیپٹل کے چیئرمین شیخ جاسم بن حماد بن جاسم بن جابر الثانی نے اپنے خطاب میں پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کا عندیہ دیا اور کہا کہ قطر سی پیک کے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنےکا خواہاں ہے ، میاں محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتیں اور ان کا وژن اور سرمایہ کار دوستانہ پالیسیاں قابل ستائش ہیں ۔ بدھ کو پورٹ قاسم پردو ارب ڈالر کی لاگت سے 1320 میگاواٹ کے بن قاسم کول پاور پروجیکٹ کے 660 میگا واٹ کے پہلے یونٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ سی پیک کے تحت چین کی پاور چائنا ریسورس لمیٹڈ اور قطر کی کمپنی المرقاب کیپٹل کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے اور یہ منصوبہ اپنے مقررہ وقت سے 6ماہ قبل 30ماہ میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کول پاور پراجیکٹ کا دوسرا یونٹ فروری2018میں مکمل کر لیا جائیگا ۔وزیراعظم نے قطر کے شہزادے کی شرکت پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ منصوبہ پاکستان چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیدا کررہا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور سستی بجلی مہیا ہو گی، یہ منصوبہ ماحول دوست ہے۔ چین کے سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ منصوبے میں قطر کی سرمایہ کاری خوش آ ئند ہے اور امید ہے کہ دیگر ممالک بھی سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے ۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ ملک میں توانائی شعبہ میں کافی بہتری آ ئی ہے ، ڈسکوز اور دیگر عوامل کی وجہ سے اس سیکٹر میں جو بحران پیدا ہوا تھا اس پر قابو پالیا گیا ہے، بجلی چوری اووربلنگ کو روکنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، ملک میں نیٹ میٹرنگ کے نظام کو شروع کیا گیا ہے۔ تقریب سے پورٹ قاسم الیکٹرک کمپنی کے چیئرمین شینگ یو منگ اور پاور چائنا کمپنی کے چیئرمن یین ژی یونگ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر مملکت پانی وبجلی عابدشیر علی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔بعد ازاں قطر کے سرمایہ کار گروپ المرقاب کیپٹل کی جانب سے جاری بیان میں المرقاب کیپٹل کے سربراہ شیخ جاسم بن حماد الثانی نے پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں مزید منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ہے ۔ سربراہ المرقاب کیپٹل نے میاں محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور ان کے وژن اور سرمایہ کار دوستانہ پالیسیوں کو بھرپور انداز میں سراہا ۔ شیخ جاسم بن حماد الثانی نے چینی کمپنی ’پاور چائنا‘ اور اس کے ساتھ منسلک کمپنیوں کی کارکردگی کی تعریف کی کہ منصوبہ ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button