تازہ ترین

والدین سے ملنے کے لیے چینی بچوں نے 80 کلومیٹر کا سفر بس کے نیچے لٹک کر کیا

چین میں ایک بس کے نیچے چھپ کر 80 کلومیٹر کا سفر کرنے والے دو بچوں کی تصاویر نے ملک میں والدین سے الگ رہ جانے والے بچوں کی فلاح کے حوالے سے ایک بحث چھیڑ دی ہے۔دونوں بچے جن کے نام ریاستی میڈیا نے ظاہر نہیں کیے، جنوبی علاقے گوانگ شی کے رہائشی ہیں اور وہ ہمسایہ صوبے گوانڈونگ جانا چاہتے تھے جہاں ان کے والدین کام کرتے ہیں۔ان دونوں کی گمشدگی کی اطلاع ان کے ایک استاد نے 23 نومبر کو دی اور انھیں اسی روز ایک بس سٹیشن پر گاڑی کے نیچے تلاش کر لیا گیا۔تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مٹی سے اٹے ہوئے دونوں بچے بس کے نچلے حصے سے چپکے ہوئے ہیں۔

والدین کی تلاش

چینی اخبار کے مطابق دونوں بچوں کی عمریں آٹھ اور نو برس ہیں اور جب بس ایک سٹیشن پر رکی تو انھیں سکیورٹی اہلکاروں نے ڈھونڈ نکالا۔

لوگ حیران تھے کہ انھوں نے اس سفر کے دوران کم سے کم تین میل تک ڈھلانوں سے گزری اور یہ دونوں محفوظ رہے۔

بس کے عملے کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ ’یہ دونوں بچے بہت دبلے پتلے تھے اس لیے بس کے نیچے با آسانی چھپ گئے۔‘

عملے کا کہنا تھا کہ دونوں بچے کسی بھی قسم سے سوالات کے جواب دینے سے ہچکچا رہے تھے۔ تاہم ایک شخص کا کہنا تھا کہ ’ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ دونوں اپنے والدین کو یاد کر رہے تھے۔

’وہ بس کے نیچے اس لیے چھپے کیونکہ وہ اپنے والدین کو تلاش کرنا چاہتے تھے۔‘

اطلاعات ہیں کہ بچوں کے رشتہ داروں کو آگاہ کر دیا گیا تھا جو انھیں اسی شام لے گئے تھے

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button