تازہ ترین

تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ ،ن لیگ کے رہنماؤں نے تحریک انصاف سے ہاتھ ملالیا

کراچی(این این آئی) سندھ اسمبلی کی تین اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) ، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کو بھی اس کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ پیر کو سندھ اسمبلی میں پیش آنے والے واقعات کے پیش نظر سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعداپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ، جس میں ڈپٹی اسپیکر کے رویہ پر غور کیا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اپوزیشن کی تین سیاسی جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف ہر حال میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چاہے یہ فیصلہ رد ہی کیوں نہ ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اس معاملے میں ہمارا ساتھ نہیں دے رہی ہے ۔ ایم کیو ایم کے پیپلز پارٹی کے ساتھ کیا معاملات ہیں ، وہ بہتر جانتے ہیں لیکن ہمیں ایم کیو ایم کے رویہ پر افسوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کا رویہ شروع سے ہی جانبدارانہ ہے ۔ انہوں نے پیر کو بھی جانبدارنہ اور متعصبانہ رویہ اختیار کیا اور اپوزیشن کا ایجنڈا نہیں لانے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن جماعتوں کا منگل کو اجلاس طلب کیا ہے ، جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ تحریک عدم اعتماد کب لائیں ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سعید خان نظامانی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دوستوں سے مشاورت ہو رہی ہے ۔ہم انہیں بھی راضی کریں گے کہ وہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کریں ۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا ایک جیالی کی طرح ایوان کو چلاتی ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن سید امیر حیدر شاہ نے کہا کہ ہمیں ڈپٹی اسپیکر کے رویہ سے شکایات ہیں ۔ وہ اپوزیشن کو بات نہیں کرنے دیتی ہیں ۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ان سے کسی نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے رابطہ نہیں کیا ہے

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button