تازہ ترین

چترال،پاک آرمی کے زیر انتظام نیشنل جیپ ریلی 2017 کا قافلہ جمعہ کے روز شندور کے راستے گلگت اور اسلام آباد روانہ ہوا

چترال ( نمائندہ آواز ) پاک آرمی کے زیر انتظام نیشنل جیپ ریلی 2017 کا قافلہ جمعہ کے روز شندور کے راستے گلگت اور اسلام آباد روانہ ہوا ۔ ریلی میں چترال اور ملاکنڈ ڈویژن کی بیس گاڑیاں شامل ہیں ۔ ریلی کی رخصتی چترال پولو گراؤنڈ سے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کر معین الدین نے ریلی کے قائد شہزادہ رضاء الملک کی جیپ چلا کر کی ۔ اس موقع پر ایک شاندار پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کے علاوہ ایم پی اے چترال سلیم خان ، ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم ، صدر پولو ایسو سی ایشن شہزادہ سکندرالملک اور کپٹن ( ر ) شہزادہ سراج الملک کے علاوہ بڑی تعداد میں مختلف اداروں کے افراد سکولوں کے بچے اور تماشائی موجود تھے ۔ ریلی کی روانگی سے پہلے نمائشی پولو میچ ہوا ۔ جس میں چترال ریڈ اور چترال اورنج ٹیموں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ ہوا ۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ برابر رہا ۔ اس موقع پر چترال سکاؤٹس میوزیکل ٹیم اور بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ جس سے تماشائی بہت محظوط ہوئے ۔ جبکہ سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے ریلی سے خطاب کیا ۔ اور کہا ۔ کہ پاک فوج اور سیکیورٹی کے دیگر داروں نے ملک کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں ۔ اور اُن کی قربانیوں کے نتیجے میں آج ملک میں امن قائم ہے ۔ جبکہ چند سال پیشتر دہشت گردوں لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی تھی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ دُشمن کے مقابلے میں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ تاکہ دُشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ معاشی استحکام ، اور خوشحالی تب ہی آسکتی ہے ۔ جب ملک میں امن و آشتی ہو ۔ اور آج کی یہ ریلی پوری دُنیا کو یہ بتانے نکالی جا رہی ہے ۔ کہ پاکستان میں مکمل طور پر امن ہے ۔ اور دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس اور دیگر مہمان بعد آزان ریلی میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملے اور اُنہیں چترال سکاؤٹس کی طرف سے کیپ پہنائے ۔ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر پیراگلائڈنگ ، میوزیکل شو ، اور ملی نغمہ پیش کرنے والی بچیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے ۔ جس سے چترال کی فضا گونج اُٹھی ۔جیپ ریلی 11بجے چترال ٹاون سے روانہ ہوئی راستے میں لوگوں نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔چترال سکاؤٹس کے کوراغ اور مستوج چیک پوسٹ کے مقامات پرپاک فوج کے جوانوں ،اہلیان علاقہ اور سکول کے بچوں نے جیپ ریلی کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا ۔ چترال سکاؤٹس اور پاک آرمی کے جوانوں نے جیپ ریلی میں حصہ لینے والوں کو جوس اور پانی کے بوتل میں پیش کیے۔جیپ ریلی کے شرکاء رات شندور میں گذار کر ہفتہ کو براستہ گلگت بلتستان اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگی۔

 

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button