چترال کے لوگ خصوصا نوجوان اگر اس میں تعاون کریں گے ۔ تو چترال کو ملک کا صاف ترین ضلع بنائیں گے ۔ ارشاد علی سدھر
چترال ( نمائندہ آواز ) ضلعی انتظامیہ چترال کے زیر انتظام ہفتہ صفائی کا آغاز پروگرام کے مطابق جمعرات کے روز کردیا گیا ۔ اس حوالے سے ایک تقریب پی آئی اے چوک چترال میں منعقد ہوئی ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد علی سدھرنے کہا ۔ کہ ہفتہ صفائی تو صرف لوگوں کو احساس دلانے کیلئے منایا جا رہا ہے ۔ جب اسلام میں صفائی ایمان کا حصہ ہے ۔ تو ہفتہء صفائی چی معنی دارد ۔ ہمیں صرف ایک ہفتہ یا مہینہ نہیں بلکہ ہمیشہ اپنا گھروں گلی کوچوں ، بازاروں اور اطراف کے ماحول کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ صفائی کسی پار ٹی یا سرکار کا کام نہیں ہے ۔ یہ ہر اُس بندے کاکام ہے جو اس معاشرے میں رہتا ہے ۔ اس لئے چترال کے لوگ خصوصا نوجوان اگر اس میں تعاون کریں گے ۔ تو چترال کو ملک کا صاف ترین ضلع بنائیں گے ۔ کیونکہ چترال میں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں ۔ اور ہمیں اُن کے سامنے چترال کو ایک صاف و شفاف شہر اور ضلع کی صورت میں پیش کرنا ہے ۔انہوں نے اس حوالے سے تمام حاضرین سے حلف لیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ، کہ سرکاری آفیسران بشمول ڈپٹی کمشنر آپ کی خدمت کیلئے تعینات کئے جاتے ہیں ۔ اس میں اگر کوئی اپنی فرض منصبی میں کوتاہی برتتا ہے ۔ تو وہ عوام ، حکومت اور اللہ کے سامنے جواب دہ ہے ۔ اور اگر کوئی آفیسر اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا تا ہے ۔ تو وہ کسی پر احسان نہیں کرتا ، کیونکہ اسی مقصد کے تحت اُنہیں ذمہ داریاں تفویض کی جاتی ہیں ۔ کہ وہ عوام کے مسائل حتی المقدور حل کرنے کی کوشش کریں ،لیکن کچھ لوگ شہید اُسامہ کی طرح اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں ۔ اور وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا،کہ اداروں کے ذریعے عوام کی بہتر خدمت کروانے کی غرض سے ہم نے ڈی سی آفس میں کمپلینٹ سیل قائم کیا ہے ۔ جہاں لوگوں کی شکایات وصول کی جائیں گی ۔ اور اگلے دن اُس مسئلے کو حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ، کہ چترال بازار کی صفائی کو تمام دکانداروں کے تعاون کے بغیر مستقل بنیاد پر قائم رکھنا ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے دکاندار حضرات اپنے کچرے سڑکوں یا نالیوں میں ڈالنے کی بجائے ڈسٹ بین میں ڈالا کریں ۔ جن کا انتظام عنقریب کیا جائے گا ۔ جہاں سے ٹی ایم اے اُنہیں ٹھکانے لگانے کا انتظام کرے گی ۔ اس موقع پر صدر تجار یونین چترال نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ چترال میں صفائی مہم پہلے بھی کئی بار شروع کی گئی ۔ لیکن تسلسل برقرار نہیں رکھا گیا ۔ اور نہ اس کیلئے کوئی مستقل طریقہ کار وضع کیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے وہ کامیاب نہیں ہو سکے ۔ انہوں نے کہا ۔ چترال انتہائی دور اُفتادہ ضلع ہے یہاں بے شمار مسائل ہیں ۔ اور زیادہ تر مسائل اداروں کی کوتاہیوں کی وجہ سے عوام کو درپیش ہیں ۔ اس لئے اداروں کی اصلاح از بس ضروری ہے ۔ اور تجار یونین علیحدہ نشست میں یہ مسائل اُنہیں گوش گزار کرے گی ۔ صدر تجار یونین نے اس موقع پر ہر قسم کے تعاون کی یقین دھانی کرائی ۔ قبل ازین تحصیل ناظم چترال مولانا الیاس نے اسلام میں صفائی کی اہمیت کے حوالے سے سیر حاصل خطاب کیا ۔ اور کہا ۔ کچرا اور گندگی پھیلنے کی بنیادی وجہ عدم احساس ہے ۔ اس لئے ہمیں بازاروں اور گلی کوچوں کو بھی اپنے گھر کا حصہ سمجھتے ہوئے اُن کی صفائی پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ہفتہ صفائی میں چترال کے مختلف سکولز، کالجز ، تجار یونین چترال ، ناظمین ، ٹی ایم اے ، چترال چیمبر آف کامرس ، سی سی ڈی این ، سول ڈیفنس ، ریڈ کریسنٹ ، جاد فاؤنڈیشن ، ڈسٹرکٹ فنانس اینڈ پلاننگ ، ڈرائیور یونین ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ، محکمہ ہیلتھ ، آغا خان ایجنسی فار ہیبٹاٹ ، یونیورسٹی آف چترال ، سی اینڈ ڈبلیو چترال پولیس اور چترال لیویز نے حصہ لیا ۔ ہفتہ صفائی کو کامیاب بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم مختلف اداروں کے مشورے سے ترتیب دیے گئے پروگرام پر عملدر آمدکر رہے ہیں ۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر چترال خود اس کو مانٰیٹر کر یں گے۔ بعد آزان ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر اور ڈی پی او چترال سید علی اکبر نے بازار کے مختلف دکانوں کا معائنہ کیا ۔ اور دکانداروں کو اپنا کچرا جمع کرنے اور صفائی کی تلقین کی ۔ صفائی مہم کے افتتاحی تقریب میں ڈی سی اور ڈی پی او کے علاوہ ڈاکٹر نذیر احمد ، ڈاکٹر نورالاسلام ، مظہر علی شاہ ، وردک ، محمد حیات شاہ ، شہزاد ندیم ، مولانا الیاس ، سجاد احمد ،امجد علی شاہ ، بشیر احمد ، حبیب حسین مغل ، کمال الدین وغیرہ نے اپنے اپنے اداروں کی نمایندگی کی ۔