تازہ ترینصحت

افغان سرحد پر واقع ارندو کے علاقے میں پولیو مہم میں سوفیصد ٹارگٹ کے حصول میں ضلعی انتظامیہ کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔۔۔ڈپٹی کمشنرچترال

چترال (نمائندہ آوازچترال) ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال نے کہا ہے کہ پولیو کے وائرس کا خاتمہ کرنے اور چترال کو حسب سابق پولیو سے پاک رکھنے کی قومی فریضے کی انجام دہی میں وسائل کی کمی سمیت کسی بھی مشکل کو آڑے آنے نہیں دیا جائے گا اور افغان سرحد پر واقع ارندو کے علاقے میں پولیو مہم میں سوفیصد ٹارگٹ کے حصول میں ضلعی انتظامیہ کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ بدھ کے روز 28اکتوبر سے شروع ہونے والی سب نیشنل امیونائزیشن ڈیز (ایس این آئی ڈی) کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر فیاض رومی اور کوارڈنیٹر ڈاکٹر فرمان نظار کی بریفنگ کی روشنی میں ارندو کے علاقے میں گزشتہ این آئی ڈی میں نقائص کو دور کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وسائل کی کمی اس راہ میں کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سہولت کاری کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ گزشتہ مہم کے دوران کمزوریوں اور خامیوں کو دور کرنے کے لئے ٹھوس اقداما ت کئے بغیر ہم آنے والی مہم میں مطلوبہ ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکتے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لویر چترال افتخار شاہ نے کہاکہ پولیس نے پولیو مہم کی کامیابی میں مکمل سیکورٹی کی فراہمی کے لئے تیار ہے تاکہ پولیو ٹیمیں دلجمعی سے پولیو کے قطرے پلواسکیں جبکہ اس سے قبل مہم میں پولیس کی لیڈی کنسٹیبلز نے پولیو کے قطرے پلوا نے کا کام بھی کرتی رہی ہیں۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیاکہ لواری ٹنل کے مقام پر چترال سائیڈ پر ٹرانزٹ پائنٹ قائم کیاجائے تاکہ چترال آنے اور چترال سے جانے والی گاڑیوں میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے جاسکیں اور یہ سرکاری گاڑیاں بھی یہاں رکنے سے مستثنیٰ نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر اگلی مہم کے لئے دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی سی (جنرل) عبدالسلام، اے سی چترال آفتاب منیر، ٹی ایم او چترال رحمت حنیف، ٹی ایم او دروش کریم اللہ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر لوکل گورنمنٹ جواد، ڈسٹرکٹ افیسر پاپولیشن ویلفئیر اصغر خان، کوارڈینیٹر فیملی ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر سلیم سیف اللہ، ایس ڈی ایف او نذیر احمد، ڈپٹی ڈی ای او شاہد حسین، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول چترال شاہد جلال اور دوسرے موجود تھے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button