تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت قرار
لاہور ( آوازچترال نیوز ) تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت قرار، آج انتخابات ہونے کی صورت میں عوام کی اکثریت نے عمران خان کی جماعت کو ووٹ دینے کا فیصلہ سنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ(آئی پور) کے سروے نتائج جاری کر دیے گئے، جس کے مطابق عوام کی اکثریت تحریک انصاف کو ووٹ دینے کی خواہاں ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کے حالیہ سروے کے دوران 29 فیصد عوام نے آج انتخابات ہونے کی صورت میں تحریک انصاف کو ووٹ دینےکا کہا، جبکہ 25 فیصد نے ن لیگ، 9 فیصد افراد نے پیپلز پارٹی، 3 فیصد نے جے یو آئی ف کو ووٹ دینےکا کہا، جبکہ 7 فیصد نےکسی کو بھی ووٹ نہ دینےکا کہا۔ یوں عوامی رائے کے مطابق تحریک انصاف اس وقت الیکشن جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ جبکہ دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق سروے کے مزید نتائج میں 54 فیصد پاکستانیوں نے ملک میں فوراً مڈٹرم انتخابات کروانے کی بھی حمایت کرنے کا کہا البتہ 35 فیصد نے اسمبلیوں کوآئینی مدت مکمل کرنے کا کہا۔ سروے کے مطابق مڈٹرم انتخابات کروانے اور اسمبلیوں کی آئینی مدت مکمل کرنے پر پی ٹی آئی اور ن لیگ کے ووٹرز کے مؤقف میں واضح فرق بھی نظر آیا۔ نئے انتخابات کروانے کے سوال پر 54 فیصد پاکستانی اس کی حمایت کرتے نظر آئے البتہ 35 فیصد نے اس کی مخالفت کی اور قومی اسمبلی کی آئینی مدت مکمل کرنے کی حمایت کرنے کا کہا۔پارٹی بنیادوں پر دیکھا جائے تو پی ٹی آئی کے 86 فیصد ووٹرز نے فوراًنئے انتخابات کروانے کی حمایت کرنے کا کہا جبکہ پی پی پی کے سپورٹرز میں 57 فیصد اور ن لیگ میں 31 فیصد نے نئے انتخابات کی حمایت کی۔ اس کے برعکس قومی اسمبلی کی آئینی مدت مکمل کرنے کی حمایت ن لیگ کے سپورٹرز میں 63 فیصد، پی پی پی کے سپورٹرز میں 39 فیصد جب کہ پی ٹی آئی کے سپورٹرز میں 11 فیصد نظر آئی۔ سروے کے مطابق 60 فیصد پاکستانیوں نے عمران خان کے لانگ مارچ کرنے کے آئیڈیے کو مسترد کردیا اور پی ٹی آئی کے سربراہ کو اسمبلیوں میں آکر جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا البتہ 23 فیصد پاکستانی لانگ مارچ اور دھرنا دینے کی حمایت کرتے نظرآئے۔ پی ٹی آئی کے اپنے ووٹرز بھی لانگ مارچ کرنے کے فیصلے پر تقسیم دکھائی دیے، 48 فیصد نے لانگ مارچ کی حمایت کی تو 44 فیصد نے اسمبلیوں میں جدوجہد کرنے کو سپورٹ کیا۔ اپنے آپ کو پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹرز کے طور پر شناخت کرنے والوں کی آراء اس سوال کے جواب میں بٹی ہوئی نظر آئی، 48 فیصد نے لانگ مارچ اور دھرنے کی حمایت کی تو 44 فیصد نے اسمبلیوں میں جاکر کوشش کرنے کا کہا۔