138

تحریک اںصاف کی حکومت میں پٹرول کی قیمت میں اب تک کی سب سے بڑی کمی کرنے کی تیاریاں

اسلام آباد (آوازچترال نیوز) تحریک اںصاف کی حکومت میں پٹرول کی قیمت میں اب تک کی سب سے بڑی کمی کرنے کی تیاریاں، یکم مارچ سے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 6 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے کی کمی کی سمری تیار کر کے وزارت خزانہ کو بھجوا دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے سمری تیار کر کے وزارت خزانہ بھجوا دی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اوگرا نے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے سمری تیار کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے کمی کی سمری تیار کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ وزیراعظم عمران خان سے مشورہ کرنے کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان 29 فرور ی کو کریں گے جبکہ نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول یکم مارچ سے دیا جائے گا۔   مزید بتایا گیا ہے کہ سمری منظور کیے جانے کی صورت میں تحریک انصاف کے حکومت آنے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ سب سے بڑی کمی ہوگی۔ تحریک اںصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد سے گزشتہ 18 مہینوں سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہی دیکھنے میں آرہا ہے تاہم اب عالمی مارکیٹ میں خام تیل 13 ڈالر فی بیرل سستا ہوا ہے جس کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روز بعد کمی ہو جانے کا امکان ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے، تاہم فی الحال اوگرا نے 6 روپے فی لیٹر کمی کی سمری تیار کی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کی صورت میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آنے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے بڑا ریلیف ہوگا۔