چترال کے حدود کے اندر داخل ہوکر کئی گھنٹوں تک باڑ کی دیواروں کو گرانے کے بعد واپس جانے تک اپرچترال کی ضلعی انتظامیہ کی بے خبری اور بے بسی قابل افسوس ہے۔۔مغفرت شاہ
چترال (نمائندہ آوازچترال) سابق ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے شندور میں گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی ضلعی انتظامیہ کی شندور میں کاروائی اور وہاں اہالیان لاسپور کے زیر تعمیر باڑ کو مسمارکرنے کے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے خیبر پختونخوا حکومت کے لئے باعث شرم قرار دی ہے جواپنے علاقے کی حفاظت میں بری طرح ناکام رہی۔ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاہے کہ چترال کے حدود کے اندر داخل ہوکر کئی گھنٹوں تک باڑ کی دیواروں کو گرانے کے بعد واپس جانے تک اپرچترال کی ضلعی انتظامیہ کی بے خبری اور بے بسی قابل افسوس ہے جوکہ دراصل صوبائی حکومت کی نااہلی کا شاخسانہ ہے جس سے علاقے میں مایوسی پھیل گئی ہے۔سابق ضلع ناظم نے کہاکہ لاسپور کے عوام تاریخ میں ا پنی بہادری کے لئے مشہور ہیں او ر اپنی چراگاہ پر کسی اور کو قابض ہونے وہ کسی بھی صورت نہیں دیں گے اور چترال کے عوام لاسپور کے اپنے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی ملکیتی گرمائی چراگاہ کی ایک ایک انچ کی حفاظت میں ان کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔