چترال پریس کلب کے صحافیوں کی ڈی سی چترال سے ملاقات ،عوامی مسائل سے آگاہ کیا
چترال ( آوازچترال) ڈپٹی کمشنر چترال ارشد قیوم برکی نے کہا ہے ۔ کہ عوام کے لئے جتنی آسانی اور سہولت فراہم کر سکتے ہیں ۔ اس میں کسی قسم کی تاخیر یا کمزوری نہیں کی جائے گی ۔ کیونکہ یہ منصب عوام کی خدمت کیلئے ہمیں ملی ہے ۔ چترال کے عوام کو سابقہ طریقہ کار کے مطابق گندم ہی ملنی چاہیئے ۔ لیکن ہمیں مجبورا صوبائی حکومت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ملوں کو بھی گندم فراہم کرنا پڑ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال پریس کلب کے صدر ظہیرالدین کی قیادت میں صحافیوں کے وفد کی تعارفی ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف عبیداللہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( فنانس اینڈ پلاننگ) انور اکبر اور اسسٹنٹ کمشنر چترال عاطف جالب موجود تھے ۔ صحافیوں نے چترال میں لوگوں کو درپیش آٹے کے بحران کے حوالے سے بات کی ۔ اور کہا ۔ کہ چترال کے گرین گوداموں سے گندم کی خریداری کا ایک مثبت نظام موجود تھا ۔ جب سے چکی اور مل کیلئے کوٹے کا سلسلہ چل پڑا ہے ۔ تب سے بحرانی کیفیت شروع ہو چکی ہے ۔ ہمارے سابق ایم این اے مرحوم شہزادہ محی الدین نے جوٹی لشٹ چترال میں فلور مل کی تعمیر یہ کہہ کر روک دی تھی ۔ کہ اس مل کی تعمیر کے بعد چترال میں لوگ گندم خرید نہیں سکیں گے ۔ اور فلور ملوں و چکیوں کے ہاتھوں یرغمال ہو گے ۔ جن کی بات اب سو فیصد حقیقت بن چکی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات سے اتفاق کیا اور کہا ۔ کہ ایک سسٹم کی موجودگی میں فلور ملوں کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو سہولت ملنے کی بجائے مزید زحمت اٹھانی پڑ رہی ہے ۔ لیکن ہم ملوں کوگندم کی فراہمی مکمل طور پر نہیں روک سکتے ۔ کیونکہ یہ صوبائی حکومت کا حکم ہے۔ ہم حتی المقدور عوام کو سہولت دینے کی کوشش کریں گے ۔ تاہم انہوں نے کہا ۔ کہ اس کیلئے صوبائی سطح پر نمایندگان ہی کوئی رول ادا کر سکتے ہیں ۔ ڈی سی چترال نے کہا ۔ کہ لواری سے اس طرف منفرد لوگ ہیں ۔ اور میں نے چترال کو انتہائی شائستہ اور قابل قدر پایا ۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا ۔ کہ چترال کے مسائل کے حل میں ہماری رہنمائی کے ساتھ ساتھ ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔ نشست میں ایون کالاش ویلیز روڈ کی لینڈ کمپنسیشن کی آدائیگی کے حوالے سے بھی بات ہوئی ۔ جس پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی ۔ کہ ہماری طرف سے بالکل تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ اور متعلقہ تحصیلدار جلد از جلد آدائگیوں کیلئے کام مکمل کرے ۔ ڈپٹی کمشنرنے اس موقع پر حالیہ کالاش سنو سپورٹس فیسٹول میں صحافیوں کی شرکت کیلئے سہولیات کی عدم فراہمی کا نوٹس لیا ۔ اور آیندہ اس قسم کے ایونٹ میں انہیں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں ۔