تازہ ترین

چترال بازار بائی پاس روڈ کی بلیک ٹاپنگ کی ناقص مرمت پر تاجر برادری اور سول سوسائٹی سراپا احتجاج

چترال (نمائندہ آوازچترال) سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے تحت ہونے والی چترال بازار بائی پاس روڈ کی بلیک ٹاپنگ کی ناقص مرمت پر تاجر برادری اور سول سوسائٹی سراپا احتجاج بن گئے اور کئی گھنٹوں تک احتجاجیوں نے سڑک کو بنداور مرمت کے کام کو بند کردیا۔ مرمت کے کام کی ٹھیکہ دار کے کارندوں نے مرمت کے کام کی ویڈیو بنانے پر ایک تاجر پر تشد د کرکے زخمی کردیا جسے ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔ تاجریونین کے صدر بشیر احمد خان نے مقامی میڈیاکو بتایاکہ تاجر برادری نے کئی دن پہلے ناقص کام کی نشاندہی سی اینڈ ڈبلیو کے ایگزیکٹیو انجینئر ریاض ولی شاہ کو کردی تھی لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوئے اور مرمت کے کام کو ٹھیکہ دار پر چھوڑ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ دو ہفتے قبل بائی پاس روڈ کو مشین سے اکھاڑ اکھاڑکر کھنڈر میں تبدیل کردیا گیا اور کئی دنوں تک پورا شہر اس سڑک سے نکلنے والی دھول اور مٹی کی آلودگی سے متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ محکمے کے افسران کی ملی بھگت سے ٹھیکہ دار ناقص کام کررہا ہے جس کا سخت نوٹس لے کر محکمے کے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے۔ دریں اثنا ء مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی مرمت کے کام کا دورہ کرتے ہوئے کام کو انتہائی ناقص قرار دیا۔ مولانا عبدالرحمن، قاری جمشید احمد، انجینئر فضل ربی جان، عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ اور دوسروں نے سائٹ کا وزٹ کیا۔ بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر چترال نے ایک کمیٹی تشکیل دی جوکہ مرمت کے معیار کی نگرانی کرے گی جس میں تاجر برادری کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ اس سلسلے میں موقف جاننے کے لئے سی اینڈ ڈبلیو کے ایگزیکٹوا نجینئر سے رابطہ نہ ہوشکا جوکہ دفتر میں موجود نہ تھے اور ان کا موبائل فون سے بار بار کوشش کے باوجود جواب موصول نہیں ہوا۔ تاہم سب ڈویژنل افیسر نے بلیک ٹاپنگ کے معیار کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے عوامی تاثر کو غلط قرار دیا اور کہاکہ گولین کے مقام سے تارکو ل تیار کرکے یہاں لایا جاتا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button