محکمہ سوشل ویلفئر، اسپیشل ایجوکیشن .. معذور افراد کی عالمی دن کے مناسبت سے اسپیشل چلڈرن کی بحالی کا مرکز میں تقریب کا اہتمام
چترال ( آوازچترال رپورٹ) محکمہ سوشل ویلفئر، اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن امپاورمنٹ لویر چترال نے معذور افراد کی عالمی دن کے مناسبت سے اسپیشل چلڈرن کی بحالی کا مرکز (ایم آر پی ایچ سی) میں تقریب کا اہتمام کیا جس میں ڈپٹی کمشنر چترال لویر انوار الحق مہمان خصوصی تھے ۔ سنٹر میں زیر تعلیم خصوصی بچوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مختلف دلچسپ خاکے پیش کئے جنہیں حاضرین نے سراہا اور ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ افیسر سوشل ویلفیئر لویر چترال نصرت جبین نے اسپیشل بچوں کی بحالی اور بہبود کے ساتھ انہیں معاشرے کا کار آمد حصہ بنانے کے سلسلے ڈیپارٹمنٹ کا کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تقریب میں شرکت پر مہمان خصوصی، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سنٹر میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈی سی لویر چترال نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ اسپیشل چلڈرن کو وہ سپورٹ اور محبت فراہم کرے کہ ان میں احساس کمتری پیدا نہ ہونے پائے اور وہ نارمل انسان کی طرز پر زندگی گزارنے کے قابل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کا عالمی دن ہمیں یہ سبق یاد دلاتی ہے کہ یہ خصوصی افراد ہماری بھر پور ہمدردی کے مستحق ہیں اور ان کی ذہنی صلاحیتوں اور قابلیت کو ضائع ہونے بچائیں۔ ڈی سی نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اسپیشل چلڈرن کے مسائل کے حل میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے تقریب کے دوران دو چھوٹے عمر کے خصوصی بچوں کو اسٹیج پر اپنے بیٹھائے رکھا اور کہا کہ اصل میں یہی بچے آج ہمارے مہمان خصوصی ہیں۔ انہوں نے ڈی او سوشل ویلفیئر اور ان کے محکمے کی کارکردگی پر بھی اظہار اطمینان کیا۔