بمبوریت اوستوئے روڈ ہفتے کے روز معاوں خصوصی وزیرذادہ نے افتتاح کر دیا
چترال (نمایندہ آوازچترال) کالاش ویلی بمبوریت کے بالائی سیاحتی مقام اور گرمائی چراگاہوں تک پہنچنے کیلئے اوستوئے روڈ ہفتے کے روز افتتاح کر دیا گیا۔ معاون خصوصی وزیر زادہ کے سیکرٹری اور
پی ٹی آیی لویر چترال کے جنرل سیکریٹری فخر اعظم نے وزیر زادہ کی طرف سے روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرصدر تحریک انصاف تحصیل دروش ثمین خان، صدر تحصیل چترال ارشاد احمد، چیرمین ویلج کونسل بمبوریت خلیل الرحمن، سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل عبد المجید قریشی ، یحیی قریشی کے علاوہ عمائدین علاقہ اور لوگوں کی بڑی تعداد
موجود تھی۔ سڑک کیتختی کی نقاب کشائی کی گئی۔ اور ایسکیویٹر چلاکر کام کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا۔ کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے جو کام کررہی ہے۔ قیام پاکستان کے بعد اب تک اس کی مثال نہیں ملتی۔ خصوصا کالاش ویلیز میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ تمام لوگ ان کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور وزیر اعلی محمود خان چترال کی ترقی میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اور معاون خصوصی وزیر زادہ نے ان کے سامنے چترال کا جو منصوبہ بھی پیش کیا۔ وزیر اعلی نے خوشی سے اس کی منظوری دی۔ اسی طرح چترال کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا ہوا ہے۔ وی سی ناظم خلیل الرحمن نے کہا۔ کہ تحریک انصاف کے قابل تعریف کاموں کو دیکھ کر میں بھی خان کے قافلے میں شامل ہوا ہوں۔ اور مجھے امید ہے۔ کہ عوامی مفاد کے یہ منصوبے تعمیر ہوتے رہیں گے۔ روڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا گیا۔ کہ یہ مقامی لوگوں کے چراگاہوں اور تفریحی مقامات تک پہنچنے اور سیاحتی منزلوں کی دریافت کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ کیونکہ یہ قدرتی نظاروں سے بھر پور وادی ہے۔ اس سڑک کی تعمیری لاگت چار کروڑ بتیس لاکھ پینسٹھ ہزار روپے ہے۔ قبل ازین سڑک کی تعمیر پر مقامی لوگوں نے مہمانوں کو گھوڑوں پر بیٹھا کر جلوس کی شکل میں تقریب کے مقام تک لے گئے۔ اور پاکستان تحریک انصاف، عمران خان، وزیر اعلی محمود خان اور معاون خصوصی وزیر زادہ کے حق میں نعرے لگائے۔ جس پر پوری وادی گونج اٹھی۔