تازہ ترین

وزیراعلیٰ سیلاب ریلیف فنڈ کی ٹیکنکل کمیٹی نے سیلاب سے گھروں کے نقصانات کے لئے سروے کو تیز کرنے کی ہدایت

پشاور(آوازچترال نیوز) وزیر اعلیٰ سیلاب ریلیف فنڈ کی ٹیکنکل کمیٹی نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع اور حالیہ بارشوں میں گھروں کے نقصانات کے لئے سروے کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سیلاب ریلیف فنڈ کی ٹیکنکل کمیٹی کا جائزہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش، محکمہ ریلیف و آبادکاری، محکمہ صحت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے انتظامی سیکرٹریز سمیت ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، ڈی جی لائیوسٹاک اور ڈائریکٹر پی ایم آر یو سمیت خیبر بینک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے کمیٹی کو تمام اضلاع میں سیلاب اور حالیہ بارشوں سے متاثرہ گھروں کے لئے جاری سروے پر پیش رفت بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کلیم اسسمنٹ کمیٹی کی فیلڈ ٹیمیں موبائل اپلیکیشن کے ذریعے ڈیٹا اکٹھا کرتی ہیں۔ متعلقہ فورم سے منظوری کے بعد پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نادرا سے شناختی کارڈز کی تصدیق کرتی ہے۔ جس کے بعد خیبر بینک متاثرین کی بائیومیٹرک تصدیق کرکے اکاؤنٹ کے ذریعے شفاف طریقے سے رقوم کی ادائیگی کرے گا۔ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے شفافیت برقرار رکھنے کے لئے سروے کے دوران کوائف کی مختلف سطح پر جانچ پڑتال کو حوصلہ افزا قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ سروے کے دوران معلومات اکٹھا کرنے کے عمل کو مزید بہتر بنا کر متاثرہ گھروں کے لئے سروے کو تیز کیا جائے۔  اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو بروقت معاوضے کی ادائیگی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گھروں کے لئے جاری سروے میں کوئی غفلت اورکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈیٹا اکٹھا کرنے بارے ایڈوائزری جاری کی جائے  تاکہ سروے جلد مکمل ہو اور متاثرین کو شفافیت کے ساتھ رقوم کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button