سینگور حفاظتی پشتے کی معیاری تعمیر پر آکاہ کے مشکور ہیں ۔ چیرمین وی سی وعمائدین سینگور
چترال (نمایندہ آوازچترال ) ویلج کونسل سینگور کے عمائدین نے آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ(آکاہ) کی طر ف سے شاہ میراندہ ایریا میں حفاظتی پشتوں کی تعمیر پر ادارے کےتمام حکام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ چترال پریس کلب میں چیرمین ویلج کونسل سینگور امین الرحمن ، فیصل یوتھ چیرمین ، فصیح اللہ ، امین اللہ ، عبید سابق ممبر پی ٹی آئی ، عیداللہ تحصیل نائب ناظم ، رحمت حلیم سابق نائب ناظم سینگور نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ سینگور میں سیلاب سے بچاو کیلئے حفاظتی بند کی تعمیر ایک دیرینہ مطالبہ تھا ۔ جس کی تعمیر کا بیڑا آکاہ نے اٹھا کر عوام کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے ۔ اور اس حفاظتی پشتے کی تعمیر کا کا م انتہائی بہترین طریقے سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اے کے ڈی این کے ذیلی اداروں کے تعاون سے اس سے قبل بھی سینگور میں لنک روڈ کی تعمیر ، گلیوں کی پختگی اور نہروں کی تعمیربہترین طریقے سے انجام پائے ہیں اور لوگ ان سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ ایک شرپسند شخص آکاہ کی طرف سے ہونے والے اس قسم کے قابل تعریف کام کو ذاتی مفاد کی خاطر متنازعہ بنا کر ادارہ ، مقامی تنظیم اور ویلج کونسل کے ذمہ داروں کو بدنام کرنے کی کو شش کر رہا ہے ۔ جس کا نام تک لینا ہم مناسب نہیں سمجھتے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ غیر مقامی شخص علاقہ سینگور کا امن تباہ کرنےکی کوشش کر رہا ہے ۔ اور ان کا منفی کردار تمام لوگوں کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سینگور کے عوام آکاہ کے شکر گزار ہیں ۔ کہ وہ عوامی مفاد کی خاطر حفاظتی پشتے کابہترین منصوبہ سیگور میں تعمیر کر رہے ہیں۔ جس سے ممکنہ سیلاب سے گاوں کو بچانے میں بہت مدد ملے گی ۔