تازہ ترینمضامین

دادبیداد…پشاور کے چند حوالے…ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی

عالمی تاریخ میں مصر،ایتھنز،روم،چین اور جاپان کی قدیم تہذیبوں کے ساتھ گندھارا کانام لیا جاتا ہے پشاور کا شہر539قبل مسیح سے تاریخ کی کتابوں میں مذکور ہے یہ کشان سلطنت کا مرکز رہا،راجہ کنشکا اس سلطنت کا مشہورحکمران تھا،سلطنتوں کے ساتھ پشاور کے قلعہ بالاحصار کاذکر بھی آتا ہے یہ وہ قلعہ ہے جسے1526عیسوی میں مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر نے پہلی بارتعمیر کیا،1834میں سکھ سلطنت میں اس کی توسیع اور تعمیر نو ہوئی اس کی تہری حفاظتی دیواریں بابر کے زمانے سے چلی آرہی ہیں ان دیواروں کی وجہ سے اس کانام بالاحصار پڑ گیا1860ء میں انگریزوں نے کچی مٹی کی دیواروں کو پکی سُرخ اینٹوں میں تبدیل کیا جو آج بھی قائم ہے یہ قلعہ 1747میں ابدالیوں کا پائیہ تخت بنا شاہ شجاع اور درانی سرداروں نے یہاں سے کابل پرحکومت کی پھر یہ قلعہ سکھوں کا پائیہ تخت بنا سکھوں کی حکومت میں بھی کابل پشاور کے ماتحت رہا،اس طرح کم وبیش 700سالوں سے قلعہ بالاحصار پشاور کی پیشانی کاجھومر چلاآرہا ہے اور اس کا شمار جنوبی ایشیا کے قدیم قلعوں میں ہوتا ہےOجغرافیہ کے ماہرین پشاورکو”وادی پشاور“کے نام سے یاد کرتے ہیں اس وادی میں ہشت نگر کی زرخیز وشاداب زمینات کا چرچاہے،گنے،تمباکو اور چقندر کی نقدآور فصلوں کی شہرت ہے دریائے سوات اور دریائے چترال کے پانی سے سیراب ہونے والی فصلوں میں گندم،جوار،دھان بھی مشہور ہیں باغات کی بھی شہرت ہے۔ترناب کا زرعی فارم بھی بیسویں صدی میں پشاور کا معتبر حوالہ بن چکا ہے مگران تمام حوالوں سے بڑا اسلامیہ کالج اور ایڈورڈزکالج کا علمی مقام ہے پشاور کے دونوں تعلیمی اداروں نے صوبے کی بے مثال خدمت کی ہے۔اسی طرح کا حوالہ مسجد مہابت خان بھی ہے یہ مسجد مغل دور کی اہم تعمیرات میں شمار ہوتی ہے جسے مغل گورنر مہابت خان نے1630عیسوی میں تعمیر کیا۔مہابت خان پشاور کی ایک ممتاز شخصیت علی مردان خان کابیٹا تھا جس کی حویلی میں آج کا گورنر ہاوس قائم ہے پشاور کا ایک اہم حوالہ ہندکو زبان بھی ہے جو خیبر پختونخوا کی دوسری بڑی زبان ہے۔اردو میں دل پشوری کی ترکیب ہندکو سے آئی ہے اس کا مطلب ہے جی بہلانا خوشی منانا،یاری نبھانا،یہ ڈاکٹر ظہور احمد اعوان کے کالم کا سِرنامہ تھا۔ہندکوان پشاور کی قدیم آبادی سے تعلق رکھتے ہیں وہ پشاور کو”پشور“کہتے ہیں،جبکہ اطراف کے لوگ پشاور کو شہریاخار بولتے ہیں پشتو کے یوسفزی لہجے میں شین کو خابولا جاتا ہے جیسے اوش کو اوخ،پشتون کو پختون،اگرجم کرلکھا جائے توپشاور کے بے شمار حوالے اور بھی ہیں تاہم کالم کا دامن تنگ ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button