تازہ ترین

اسلام آباد پولیس کے مطابق عمران خان کو سنگین نوعیت کے مقدمے میں عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے

اسلام آباد (آوازچترال نیوز) اسلام آباد پولیس کے مطابق عمران خان کو سنگین نوعیت کے مقدمے میں عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے خلاف درج دہشت گرد کے مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں بدھ کے روز اسلام آباد پولیس کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش آئے، اس دوران ان سے 20 منٹ تک سوال جواب کیے گئے۔عمران خان سے بدھ کے روز کی جانے والی تفتیش کے بعد اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمہ میں جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا، یہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت قائم کیا گیا ہے جو کہ ایک سنگین نوعیت کا مقدمہ ہے۔اس مقدمہ میں شامل قانون کی شق نمبر 7 ایچ کے تحت ملزم کو کم سے کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید وجرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق نمبر 6 ایم کے تحت کسی بھی سرکاری ملازم کو ڈرا یا دھمکا کرقانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا جس کا مقصدریاستی یا قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خوف و ہراس پیدا کرکے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا ہے جو کہ ایک سنگین جرم ہے۔ اسلام آباد پولیس کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کی تعریف کا اطلاق بشمول تقریر تحریر اور خوف وہراس پھیلانے والے تما م اعمال پر ہوتا ہے۔اس میں ایک منصوبہ بندی اور مقصد کے تحت اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے افسران اور معزز عدلیہ کی ایک جج کو ڈرایا اور دھمکایا گیا۔ یہ تمام عمل ایک غیر قانونی ریلی کے دوران مکمل ہوا جب اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ تھی۔ بعد ازاں غیر قانونی عمل کا نوٹس لیتے ہوئے مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ چانڈیو نے شکایت کی، جس پر ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔جبکہ جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہر چیز آئین اور قانون کے دائرے میں کی ہے۔میں نے 26 سال کی سیاست میں کبھی قانون کی خلاف وزری نہیں کی۔شہباز گل پر تشدد کیا گیا، ہم نے کہا قانونی کارروائی کریں گے،کسی کو بھی کہیں کہ دوران حراست تشدد پر قانونی کارروائی کروں گا، کارروائی کی بات کی تو دہشتگردی کی دفعات لگائی گئیں، یہ مذاق ہے۔آج میں نے حاضری دی معلوم بھی ہے کہ یہ ایک مذاق ہے۔یہ مقدمہ پوری دنیا میں مذاق بن گیا ہے۔دنیا کو پتہ چل گیا کہ عمران خان دہشتگردی کے مقدمے میں ڈال دیا۔دنیا دہشتگردی کی تعریف جانتی ہے مقدمے کی وجہ سے دنیا ہم پر ہنس رہی ہے ۔جے آئی ٹی کو سوالوں کے جواب دئیے ہیں۔حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوں۔ جتنا دیوار سے لگاؤ گے اتنا اوپر اٹھیں گے،میری پارٹی کو جتنا دیوار سے لگا رہے ہیں اتنا ہم تیار ہو رہے ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button