مقامات مقدسہ کے بعد پاکستانیوں کیلئے مقدس سرزمین پاکستان کی سرزمین ہے…یوم آزادی کے موضوع پر خطیب شاہی مسجد چترال کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب
چترال(بشیر حسین آزاد)خطیب شاہی مسجد نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اللہ تعالٰی کی عطاکردہ ایک عظیم نعمت ہے. اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے، صرف یوم آزادی کے دن ہی اس کو بطور جشن نہیں منانا چاہئے بلکہ پورا سال اس کا احترام، اس کے قوانین کا احترام ہماری زمہ داری ہے. لیکن بدقسمتی سے ہم نے پاکستان کی قدر کیا اپنے تمام غلط کرتوتوں کا ملبہ بھی پاکستان پر ڈالتے ہیں.کرپشن کرکے کہتے ہیں کہ یہ پاکستان ہے یہاں سب کچھ چلے گا، لاقانونیت، فراڈ، کرپشن، جھوٹ، بدامنی، دہشتگردی، رشوت، جیسے غیر اخلاقی کاموں کا ملبہ پاکستان کے اوپر ڈالا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ پاکستان ہے.
خدارا پاکستان کی قدر کیجئے مقامات مقدسہ کے بعد ہمارے لئے سب سے قابل احترام پاکستان ہے، اس کا احترام اس کے قوانین کے احترام سے کیا جائے، سجدہ شکر ادا کرکے کیا جائے، فوج کا احترام، پولیس کا احترام اور اداروں کا احترام کرکے کیا جائے مگر یہاں پر فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے، بیرونی قوتوں کا آلہ کار بن کر اداروں پر تنقید کی جاتی ہے، بدامنی پھیلائی جاتی ہے، ایسا نہیں کرنا چاہیے
یوم آزادی کا تقاضا ہم سے یہ ہے کہ اپنے اداروں کا احترام کریں، قانون کا احترام کریں، امن وامان کو یقینی بنائیں اسی سے ہم اپنے ملک کو باوقار بنائیں گے اللہ تعالیٰ ہم کو اپنے ملک پاکستان کی قدر کی توفیق عطا فرمائے آمین