تازہ ترین

بلدیاتی نظام فعال، منتخب نمائندے اپنے عہدوں سے بے خبر/تربیت اور آگاہی کی ضرورت ہے

چترال(آوازچترال رپورٹ.) مارچ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتیجے منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندگا ن گذشتہ مہینے حلف اٹھانے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لئے ہیں مگر دیکھنے میں آیا ہے کہ بیشتر بلدیاتی نمائندگان کو انکے عہدوں کے بارے ابتدائی معلومات بھی نہیں۔ اس حوالے سے اگر دیکھا جائے تو بلدیاتی نظام میں ویلج کونسل کی سطح پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار ویلج کونسل کا چیئرمین منتخب ہوتا ہے جبکہ اسکے علاوہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار صرف اور صرف ویلج کونسل کے ممبر ہوتے ہیں مگر بلدیاتی انتخابات میں ویلج کونسل کی سطح پر دوسرے نمبر پر آنے والے ممبران نے بھی خود کو ویلج کونسل کا ”وائس یعنی نائب چیئرمین“ ظاہر کرنا شروع کردئیے ہیں، اپنا تعارف اور خط وکتابت میں ”وائس چیئرمین“ لکھتے ہیں حالانکہ بلدیاتی سسٹم میں ایسا کوئی عہدہ ہے ہی نہیں۔ اسی طرح ویلج کونسل کی سطح پر نوجوانوں کی نشست پر منتخب ہونے والے ممبر خود کو ”یوتھ کونسلر“ کہنے کے بجائے ”یوتھ چیئرمین“ کے طور پر پیش کرتے ہیں جبکہ بلدیاتی نظام میں ایسا کوئی عہدہ سرے سے موجود ہی نہیں۔ بعض مقامات پر دیکھا جا رہا ہے کہ ویلج کونسل کے کسان کونسلر اور خواتین کونسلر بھی خود کو ”چیئرمین“ کی حیثیت سے متعارف کرتے ہیں۔ بعض منتخب ممبران نے ان خود ساختہ عہدوں کے حساب سے اپنے لئے مہر بھی بنا لئے ہیں۔ قانون کے مطابق وی سی چیئرمین کونسل کا سربراہ ہوتا ہے مگر معلومات اور آگاہی کی عدم دستیابی کی وجہ سے تمام کونسلرز خود کو وی سی چیئرمین کے برابر ظاہر کرتے ہیں کہ ہم نے بھی ووٹ لیا ہے اور ہم برابر ہیں۔ دیکھنے میں تو یہ معمولی لگتا ہے مگر اگر حقیقت کو سامنے رکھیں تو عوام کے ووٹ سے ایک عہدے پر منتخب ہونے والے فرد کو کم از کم اسکے عہدے کے بارے میں بنیادی معلومات ہونے چاہئے تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں ایکدوسرے کے کردار اور حیثیت کو سمجھتے ہوئے عوام کے مفاد میں کام کیا جائے ا ور آپس کی کھینچا تانی سے دور رہا جائے۔
یہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے کہ اگر کسی پروگرام میں یا کسی ادارے میں ویلج کونسل کے چیئرمین کو مدعو کیا جاتا ہے تو دیگر ممبران ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں کہ ہمیں کیوں نہیں بلایا جارہا، ہم بھی ممبر ہیں، حالانکہ کسی بھی اجلاس میں چیئرمین کو ایک بلدیاتی ادارے کے سربراہ کے طور پر مدعو کیا جاتا ہے اور اپنے عہدے کے اعتبار سے وہ پورے ویلج کونسل کی نمائندگی کرتا ہے۔ بعض مقامات پر دیکھا گیا ہے کہ ویلج کونسل کے عام ممبر بھی مختلف سرکاری یا غیر سرکاری اداروں کا دورہ کرتے ہیں حالانکہ ایکٹ اور رولز کے مطابق کوئی ممبر سرکاری ادارے کا دورہ نہیں کر سکتا اور نہ ہی معلومات طلب کرسکتا ہے، اسکے لئے دفتری طریقہ کار وضع کی گئی ہے اور اسی کے مطابق ویلج کونسل کے معاملات چلائے جانے ہیں۔
ان حالات میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس حوالے سے ایک وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کریں تاکہ سرکاری اداروں، غیر سرکاری اور کاروباری اداروں سمیت عام عوام کو بھی اس حوالے حقیقت کا علم ہو۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button