پشاور:(آوازچترال نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کو صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں موجود سیاحتی استعداد سے صحیح معنوں میں استفادہ کرنے کے لئے تمام جاری اقدامات اور سرگرمیوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ اتھارٹی کے قیام کے مقاصد کا حصول ممکن ہو سکے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں منتخب پی ٹی ڈی سی یونٹس کو فعال بنانے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وہ پی ٹی ڈی سی یونٹس جن میں معمولی نوعیت کا مرمتی کام کرنا ہے، اسے جلد مکمل کیا جائے اور یونٹس کو فعال بنایا جائے تاکہ رواں سیزن کے دوران ان یونٹس کو سیاحوں کی سہولت کے لئے بروئے کار لایاجا سکے۔ یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں اتھارٹی کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ اور دیگر متعدد امور کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے علاوہ وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری سیاحت طاہر اورکزئی، ڈائریکٹر جنرل کے پی سی ٹی اے عابد خان وزیر اور بورڈ کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں ٹوارزم پولیس کا اجراکر دیا گیا ہے جس کے لیے محکمہ پولیس سے افسران کی منتقلی کے علاوہ 176 کانسٹیبلز بھرتی کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں اتھارٹی کے تحت سنسر شپ آف موشن پکچرز رولز 2021، خیبرپختونخوا ہاسپٹیلیٹی اینڈ ٹورازم سیکٹر ریگولیشن 2021 اور کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی ایمپلائز ریگولیشنز 2021 منظور اور نوٹیفائی کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں سیاحت کے شعبے میں ترقیاتی منصوبوں پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کے تحت انجنئیرنگ ونگ کے لیے مجوزہ آرگنو گرام اور آسامیوں کی تخلیق کی منظوری دی گئی۔ا