‘بعض لوگ تاحال نیوٹرل ہونے کو تیار نہیں،اگر ہمیں دھکیل کر نکالا گیا تو الیکشن نہیں آئے گا ، خواجہ سعد رفیق کا بیان
لاہور( آوازچترال نیوز )وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوئی لیکن اس کے بعض لوگ تاحال نیوٹرل ہونے کو تیار نہیں، ہم چاہتے ہیں لڑائی جنگ میں نہ بدلے، اگر ہمیں دھکیل کر نکالا گیا تو الیکشن نہیں آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قانون بنانے کا حق پارلیمنٹ کو ہے، عدالت آئین کی تشریح کرسکتی ہے۔ لبرٹی چوک میں حمزہ شہباز سے اظہارِ یکجہتی کے مظاہرے سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پراجیکٹ عمران خان 2011 میں لانچ کیا گیا اور اب 2022 آگیا ہے، آج بھی اداروں میں بیٹھے عمران خان پراجیکٹ کے سہولت کار آرام سے نہیں بیٹھے۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں ہمارے منڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، ہماری قیادت کو جیلوں میں ٹھونسا گیا لیکن ہم نے ریڈ لائنز کراس نہیں کیں۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آپ کو ہمیں جیلوں میں ڈال کر کیا ملا؟ آپ کو کونسی کرپشن ملی؟ 10 سال جمہوریت چلی، یہ چلتی جمہوریت کچھ لوگوں کو اچھی نہیں لگتی۔