پشاور( آوازچترال) خیبر پختونخوا اسمبلی نے ماحولیاتی تحفظ ترمیمی بل 2022 منظور کرلیا۔ بل کے تحت صوبے میں ہر قسم کے پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ترمیمی بل کے تحت ہر قسم کے پلاسٹک بیگ کی درآمدات، خرید و فروخت، ذخیرہ، ترسیل اور استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔ بل کے مطابق موجودہ پلاسٹک بیگ اسٹاک کو کارخانہ دار، ہول سیل ڈیلر اور ریٹیلر 6 ماہ کے اندر تصرف کو یقینی بنائیں گے۔ بل کے تحت پلاسٹک بیگ کی تیاری، ترسیل و خرید و فروخت کے لیے جاری تمام لائسنس و پرمٹ منسوخ کردیے گئے ہیں۔ تصرف کے 6 ماہ بعد خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائی گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو ایک ماہ قابل توسیع قید سمیت 5 لاکھ روپے تک جرمانہ کی سزا ہوگی۔ ترمیمی ایکٹ کے تحت اسپیشل مجسٹریٹ کو پابندی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار حاصل ہوگیا ہے۔ پلاسٹک بیگ مصنوعات پر سزائیں نہ ہونے کی وجہ استعمال و تیاری کا عمل جاری تھا۔
Facebook Comments