گاڑیوں کے چالان کا اختیار ٹریفک پولیس سے واپس لینے کا فیصلہ
پشاور( آوازچترال نیوز )صوبائی حکومت نے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں قوانین کے موثر نفاذ اور ٹریفک چالان کا اختیار ٹریفک پولیس سے لیکر محکمہ ٹرانسپورٹ کے حوالے کرنے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ یونٹ( ٹی ای یو) تشکیل دیا گیا ہے جبکہ موٹر وہیکل رولز میں ترامیم منظوری کے لئے صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا ڈاکٹر طارق عثمان سعید کے مطابق ٹی ای یو کا سربراہ چیف ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ آفیسر ہوگا جس کے ماتحت سینئر ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ آفیسر اور ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ آفیسر سمیت ہیڈ ٹرانسپورٹ وارڈن اور ٹرانسپورٹ وارڈن ہوں گے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق ٹریفک سے متعلق 16قوانین کی خلاف ورزی کے جرمانوں کا اختیار ٹی ای یو کو دیا جائے گا۔ اسی طرح محکمہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرایوں کی نگرانی کا بھی ذمہ دار ہوگا ۔ ٹی ای یو کو غیر قانونی بس سٹاپس کے خلاف کارروائی کرنے ، اڈوں ، بس سٹینڈز کا معائنہ کرنے سمیت دیگر اختیارات بھی دئیے جائیںگے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرٹرانسپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ یونٹ با وردی فورس پر مشتمل ہوگا جس کو اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا ۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ قوانین کے نفاذ کے لئے 11موبائل پٹرولنگ آفیسرز سمیت دیگر سٹاف کو تربیت دے کر ان کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔