تازہ ترین

"عمران خان نے تسلیم کیا کہ میں جہانگیر ترین اور علیم خان کے بارے میں ٹھیک کہتا تھا” حامد خان نے ملاقات کا احوال بتادیا

اسلام آباد ( آوازچترال نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان حامد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اپنی غلطیوں کا احساس ہوگیا ہے ، انہوں نے تسلیم کیا کہ میں نے جہانگیر ترین اور علیم خان کے بارے میں ٹھیک کہا تھا۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا لگتا ہے خان صاحب کو احساس ہوگیا ہے کہ پرانے لوگ ہی ٹھیک تھے، پارٹی کو اسی نعرے پر آگے بڑھائیں گے جس پر اس کی بنیاد رکھی تھی، تسنیم نورانی اور نجیب ہارون بھی ہمارے ساتھ ہیں۔   انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کا پیغام شاہ محمود قریشی لے کر آئے، عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ آپ علیم خان اور جہانگیر ترین کے بارے میں ٹھیک ہی کہتے تھے، ان دونوں کا بہت منفی کردار تھا، عمران خان نے تسلیم کیا کہ ان سے غلطیاں ہوئی ہیں، عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے آپ درست کہتے تھے، اسٹیبلشمنٹ کا سیاسی رول نہیں ہونا چاہیے۔ حامد خان کے مطابق انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس واپس لینے کا کہا تو وہ برا مان گئے،کل کی ملاقات میں عمران خان نے مانا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بارے میں انہیں غلط بتایا گیا تھا۔ حامد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ پارٹی ون مین شو بنی ہوئی ہے اس میں انٹرا پارٹی انتخابات ہونے چاہئیں، انہیں بتایا کہ اب بھی موقع پرست لوگ آپ کے اردگرد موجود ہیں۔ خیال رہے کہ حامد خان سمیت تحریک انصاف کے کئی بانی اور سینئر رہنما کچھ عرصے سے اپنی راہیں پارٹی سے جدا کرچکے تھے، گزشتہ روز عمران خان نے حامد خان سے ملاقات کرکے انہیں راضی کرلیا تھا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button