تازہ ترینکھیل

پاکستان آرمی نے پاکستان فٹ بال لیگ اپنے نام کر لیا،فائنل میں ایس اے گارڈنز لاہور کو شکست

چترال( آوازچترال نیوز ) پاکستان میں فٹبال کا سب سے بڑا ایونٹ چترال فٹ بال لیگ پاکستان آرمی کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ فٹ بال لیگ کے فائنل کے موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال انوارالحق مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر چترال سکاؤٹس کے کرنل شہزاد، پاک آرمی کے لیفٹیننٹ کرنل ہمدانی، اسسٹنٹ کمشنر دروش کے علاوہ ٹیک ان لاجیکس کے سی ای او انجینئرکامران علی، ایس اے گارڈنز کے سی ای او شعیب بھی موجود تھے۔ علاقے کے منتخب بلدیاتی نمائندگان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے۔ فائنل کے موقع پر پاکستان آرمی اور ایس گارڈنز کے درمیان انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں پاک آرمی نے ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے کامیابی حاصل کی۔ فائنل میچ دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں تماشائی کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں موجود تھے۔پاک آرمی کے ٹیم کیپٹن انصار کو مین

آف دی ٹورنمنٹ اور ایس اے گارڈنز کے پلیئر زیدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال انوارلحق نے چترا ل فٹ بال لیگ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ چترال کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ پورے پاکستان سے کھلاڑی اور تماشائی اس ایونٹ سے محظوظ ہونے کے لئے آئے ہیں، اس سے چترال کے سافٹ امیج کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ چترال میں کھیلوں کی ترقی کی طرف بھرپور توجہ دے رہی ہے اور اسطرح کے پروگرامات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے چترال فٹ بال لیگ کے انعقاد پر آرگنائزرز آئیڈیل کلب کی تعریف کی اورشاباش دی۔ انہوں نے اپنی طرف سے آئیڈیل کلب کے لئے ایک لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر چترال نے دونوں ٹیموں کے

کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چترال سکاؤٹس کے کرنل شہزاد نے ایک شاندار ایونٹ منعقد کرنے پر منتظمین کو شاباش دی، انہوں نے دونوں ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج نہ کوئی جیتا ہے اور نہ ہی کوئی ہار ا ہے، آج فٹ بال جیتا ہے، امن جیتی ہے اور چترال جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال سکاؤٹس اپنی روایات کے مطابق کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔ تقریب سے معروف سیاسی و سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر نے بھی خطاب کیا اور اس ایونٹ کے انعقاد میں تعاؤن فراہم کرنے پر تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر چترال انوار الحق، کرنل شہزادہ، لیفٹیننٹ کرنل ہمدانی، انجینئر کامران علی اور شہزادہ ہشام الملک نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
جیتنے والی ٹیم کو ٹیک ان لاجکس کمپنی کی طرف سے ایک موٹر سائیکل کا انعام بھی دیا گیا جبکہ ٹورنمنٹ انتظامیہ کی طرف سے نقد ایک لاکھ روپیہ دیا گیا۔
واضح رہے کہ چترال فٹ بال لیگ کا انعقاد آئیڈیل کلب دروش نے کیا اور اس سال لیگ کے سیزن ٹو میں 19ٹیموں نے حصہ لیا تھا جن میں پاکستان آرمی کے علاوہ افغان ٹی وی، کوئٹہ، کراچی، لاہور، گلگت بلتستان، پشاور، مردان، اپر چترال اور لوئر چترال کی ٹیمیں شامل تھیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button