تیزآندھی سے کئی درخت اکھڑ گئے ۔ چادر شیٹ والی چھتوں ، پھلوں کو زبردست نقصان پہنچا ۔
چترال ( محکم الدین ) گذشتہ روز ایون میں زبردست آندھی آئی ۔ جس کے نتیجے میں کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ۔ اور کئی چھتوں کو نقصان پہنچا ۔ ایون درخناندہ میں تیز آندھی نے غلام حیسن کے ایک کمرے کی چھت اڑا دی۔ اور دوسرے مقام پر خوبانی کے دودرخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔ آندھی نے خوبانی ، توت ، چیری ، ناشپاتی ، سیب ، لوکاٹ کے کچے پھلوں کو درختوں سے گرا کر زبردست نقصان پہنچایا ہے ۔ جب کہ جو پھل درختوں سے نہیں گرے ۔ وہ شاخوں کے ایک دوسرے کے ٹکر مارنے سے زخمی ہوئےہیں ۔ جن کے خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔ مقامی بزرگوں کا کہنا ہے ۔ کہ اس قسم کی تیز آندھی( مراچ پوچی) توت پکنے کے موسم میں آتی رہی ہیں۔ لیکن پھلوں کیلئے اس کا مثبت پہلو یہ ہے۔ کہ کمزور پھل درختوں سے گر جاتے ہیں۔ اور جو بچ جاتے ہیں۔ ان کو صحیح خوراک ملتی ہے ۔ تاہم اس قسم کی آندھی سے بعض اوقات انسانی جانوں کو شدید نقصان پہنج جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ تیز آندھی کے دوران گھروں میں رہنا چاہئے اور بچوں کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے ۔ کہ وہ درختوں ، دیواروں خصوصا کمزور ٹین کے چھت والے مکانوں سے دور رہیں ۔ آندھی سے کئی مقامات سے نقصانات کی اطلاعات ہیں ۔ تاہم کسی جانی نقصان سے لوگ محفوظ رہے ہیں ۔