تازہ ترینکاروبار

کوشش ہے کہ ڈالر 160 روپے پر لے کر آئیں…. اسحاق ڈار

لندن ( آوازچترال) اسحاق ڈار کا جلد پاکستان واپس آنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کی جانب سے اپنی پاکستان واپسی اور معاشی پالیسیوں کے حوالے سے اہم بیانات جاری کیے گئے ہیں۔ قومی اخبار جنگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت ہمارا مقصد مہنگائی کو روکنا ہے، کوشش ہے ڈالر کو 160 روپے کی سطح پر لے آئیں۔ کوشش ہے کہ پٹرول کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا جائے تاہم ہمارے پاس ایسا کوئی سوئچ نہیں ہے کہ جسے آن یا آف کریں اور سب ٹھیک ہوجائے۔ ہم نے پٹرول قیمتوں پر سبسڈی کے لئے اتحادیوں سے بات چیت شروع کردی ہے، جو صوبہ پٹرول قیمتوں کی سبسڈی میں حصہ نہیں ڈالے گا انہیں مہنگے پٹرول کابوجھ برداشت کرنا پڑے گا ۔   ایسا نہیں ہو سکتا کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ختم کردیں، کوشش کریں گے کہ اخراجات کم کریں۔ انہوں نے پاکستان واپسی کے اپنے پلان کے حوالے سے کہا کہ وہ فی الحال تو لندن سے بیٹھ کر مشورے دے رہے ہیں تاہم وہ جلد پاکستان واپس آ جائیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ ایک جانب اسحاق ڈار ڈالر کو 160 روپے کی سطح پر لانے کی بات کر رہے ہیں، تو دوسری جانب ان کے اتحادی آصف زرداری کا دعویٰ ہے کہ ہمارے پاس اتنی صلاحیت ہے کہ ڈالر کی قیمت 5 روپے ہونی چاہیئے۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ عید کے بعد پہلے کاروباری روز کے دوران پاکستانی روپیہ شدید مندی کا شکار ہو گیا تھا۔ عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد پہلا کاروباری روز پاکستانی روپے کیلئے بہت برا ثابت ہوا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0 عشاریہ 50 فیصد کی کمی ہوئی۔ یعنی 0 عشاریہ 94 روپے اضافے سے اںٹربینک میں ڈالر کی قیمت 185 روپے 69 پیسے سے بڑھ کر 186 روپے 63 پیسے ہو گئی۔ دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی روپیہ کی قدر میں گراوٹ دیکھنے میں آئی، کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر 187 روپے کی سطح کو عبور کر گیا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے اختتام پر امریکی ڈالر کی قیمت 50 پیسے کے اضافے سے 187 روپے 50 پیسے رہی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button