تازہ ترین

عمران خان کا ایک مرتبہ پھر اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان

اسلام آباد ( آوازچترال )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے یوم تاسیس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چند ہفتے میں کال دوں گا، سب نے اسلام آباد آنا ہے، جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتاعوام نے میرے ساتھ بیٹھنا ہے، آپ سب نے گلی محلوں میں نکلنا ہے لوگوں کو متحرک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے لوگوں کو اکٹھا کرنا ہوگا کیونکہ اب فیصلہ کن وقت آگیا ہے، فیصلہ کرنا ہے کیا اب ہم غلامی کریں گے یا پھر ہم آزاد ملک بن کر رہیں گے۔ عمران خان نے پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹرز کو 26ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چھبیس سال پہلے چند دوستوں نے لاہور میں پارٹی کا آغاز کیا تھا۔ مقصد تھا نظریہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست کے اصولوں پرنیا پاکستان بنائیں، ہمارے 3 بنیادی اصول ہیں، خوددار پاکستان جوکسی کی غلامی نہ کرے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے ہرجگہ سبز پاسپورٹ کی عزت ہو، دوسرا اصول فلاحی ریاست ایک انسانیت کا نظام ہے، ہمارا مقصد کمزورطبقے کی مددکرتا ہے تاکہ اس طبقے کوغربت سے اوپراٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ترقی نہیں کرسکتا جب تک قانون کی بالادستی نہیں ہوتی، انصاف کا مطلب ہے سب قانون کے نیچے ہوں، یہ نہیں ہوسکتا کہ طاقتور قانون سے اوپر ہوجومرضی چاہے کرے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت ملی تو پوری کوشش کی کہ طاقت ور کوقانون کے نیچے لائیں، کمزوروں کیلئے وہ پروگرام لائیں جو پاکستان کی تاریخ میں کسی نے نہیں کیا، ہیلتھ کارڈ کاغریب ملکوں میں تو تصور بھی نہیں کرسکتے، ایسا سسٹم لائے کہ ہر خاندان کے پاس ہیلتھ انشورنس ہو۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے احساس پروگرام شروع کیا جومجھے فخرہے پہلے کبھی نہیں ہوا، ہماری حکومت کومسائل یہ آئے کہ طاقتور مافیاسارا اکٹھا ہوگیا،اس مافیا نے بیرونی سازش میں شامل ہوکرہماری حکومت کوگرایا۔انہوں نے کہا کہ آج بدقسمتی ہے ملک کولوٹ کرکھانیوالے آج پھرمسلط ہیں، موجودہ وزیراعظم اوربیٹے پر40ارب کے کرپشن کیسزہیں

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button