تازہ ترین

آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوں گے ؛ فیصل جاوید

اسلام آباد (  اوازچترال ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پرہوں گے ، 90 دن کے اندر الیکشن ہوں گے جن میں انٹرنیٹ ووٹنگ کا بھی استعمال ہوگا ‘ جن کی مدد سے اووسیز پاکستانی کہیں سے بھی بیٹھ کر آن لائن ووٹ ڈال سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا فری اینڈ فیئر الیکشن ہوگا ، کوئی 35 پکنچر نہیں لگا سکے گا ، ای وی ایم پر الیکشن ہوں گے ، ان کی خواہش تھی عدم اعتماد کامیاب ہوگی تو ای وی ایم ختم کریں گے لیکن بیرونی سازش ناکام ہوئی ہے ، کل ہمارے پارلیمنٹری بورڈ کا پہلاا جلاس ہوگا ، اپنی لیڈرشپ سے کہہ رہاہوں اس بارنظریاتی کارکنان کو نظرانداز نہیں کرنا کیوں کہ منحرف ارکان کو سب نے دیکھ لیا ، اس لیے اب نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ دیئے جائیں۔   فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے بیرونی سازش کی پھر تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ، پی پی ، جے یو آئی ، ن لیگ قائدین 3 ایجنٹس ہیں جو یہ سازش لے کر آئے ، اپوزیشن نے بیرونی سازش ، عدم اعتماد تحریک جمع کرائی ہم شکریہ ادا کرتے ہیں ، ایک سال سے یہ کہتے رہے کہ الیکشن کرائے جائیں ، اپوزیشن کا بیانیہ تھا الیکشن کرائیں عوام میں جائیں آپ کو لگ پتا جائے گا ، اب ہم الیکشن کی طرف جارہے ہیں تو یہ بھاگ رہے ہیں ، پی ٹی آئی نےآپ کی یہ خواہش بھی پوری کردی ہے اب ہم الیکشن کی پوری تیاری کررہے ہیں۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف نے 20 منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی ریفرنس جمع کرانے کا اعلان کردیا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے کہا کہ باہر سے ملکی سیاست میں مداخلت ہو رہی ہے ، ہمیں آئین کے درس دیے جارہے ہیں ، پتہ نہیں کون سی شق کی خلاف ورزی کی ، آئین میں کہاں لکھا ہے کہ پیسے خرچ کرکے ایم این ایز خریدے جائیں ، ایک ایم این اے نے کہا کہ 23 کروڑ روپے سے میری زندگی اچھی گزر جائے گی ، 20 منحرف ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس اسپیکر آفس میں جمع کروائیں گے ، آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی پٹشن عدالت میں زیرسماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فیصلہ کرنے دینا چاہیے کیوں کہ نئے انتخابات ہی موجودہ صورتحال کا حل ہے ، ہمارا بیانیہ قوم نے مان لیا ، ہمارے لیے کہا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی غیر مقبول ہوئی ہے ، نئے انتخابات سے ڈر کیوں رہے ہیں ؟ عوام جس جماعت کو بھی ووٹ دے اسے تسلیم کرنا چاہیے ، آج کی آئینی حقیقت یہ ہے کہ اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے ،ایاز صادق کو اسپیکر کی کرسی کا احترام کرنا چاہیے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button