ویلج کونسل ایون ون درخناندہ کے یوتھ امیدوار مدثر علی شاہ ساجد حسین کے حق میں دستبردار ، پوزیشن مضبوط ہو گیا
چترال ( محکم الدین ) ویلج کونسل ایون ون میں یوتھ کونسلر کے امیدوار مدثر علی شاہ انتخابات سے تین دن قبل اپنے مد مقابل ساجد حسین کے حق میں دستبردارہو گیا۔ جس سے ایون درخنادہ میں یوتھ کونسلر کا صرف ایک ہی امیدوار ساجد حسین مقابلے کیلئے میدان میں رہ گیا ہے ۔ جس سے اس کا انتخابی پوزیشن مضبوط ہو چکا ہے ۔دستبرداری کا یہ عمل باہمی گفت و شنید کے نتیجے میں ممکن ہوا ۔ جس کیلئے شروع دن سے ہی کوششیں جاری تھیں ۔ اس سلسلے میں ایک پر وقار تقریب گذشتہ شام منعقدہوا۔ جس میں علاقے کےمعتبرات صوبیدار میجر ریٹائرڈ محمد ظفر ، ریٹائرڈ استاد رحمت نذیر ، مولانا ظہیراحمد امیدوار جنرل کونسلر وی سی ون ایون وجیہ الدین ، ، امیدوار کسان کونسلر قاری اسرار احمد ، قاضی رشید اور بڑی تعداد میں دونوں امیدواروں کے حمایتی ووٹرز موجود تھے ۔ اس موقع پر مدثر علی شاہ نے باقاعدہ طور پر الیکشن سے ساجد حسین کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا ۔ اور اپنے تمام ساتھیوں ، حامیوں اور عزیز و اقارب سے ساجد حسین کو مکمل طور پر سپورٹ کرنے اور بھر پور طریقے سے کامیاب بنانے کی درخواست کی ۔ جس پر حاضرین نے اپنا مکمل سپورٹ اور اپنا ووٹ ان کے حق میں استعمال کرنے کی یقین دہانی کی ۔ امیدوار جنرل کونسلر وجیہ الدین ، استاد نذیر رحمت نذیر، قاری اسرار احمد ، مولانا ظہیر احمد، قاضی رشید، ساجد حسین و موقع پر موجود عمائدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ الیکشن میں کامیابی کیلئے باہمی اتحادواتفاق انتہائی ضروری ہے ۔ گاوں کے تمام لوگ درخناندہ سے اپنے تمام امیدواروں کو کامیاب کرنے کا اتفاق بر قرار رکھیں۔اور بعض لوگ جو اس اتفاق سے خوفزدہ ہو کر مختلف طریقوں سےاس میں پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں ۔ ان سے ہوشیار رہیں ۔ اور سو فیصد اپنے ووٹ جنرل کونسلر ، کسان اور یوتھ کے امیدواروں کے حق میں استعمال کرکے انہیں کامیاب بنائیں ۔ تاکہ علاقے کے مسائل حل ہونے کی راہ ہموار ہوسکیں۔ اس موقع پر امیدوار مدثر کے ساتھ بات چیت کرکے ان کو ساجد حسین کے حق میں دستبردار کرنے کیلئے کوشش کرنےپر ساجد حسین نے مولانا ظہیر احمد ، قاضی رشید اور ہدایت اللہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔