تازہ ترین

بلدیاتی انتخابات میں کارکن ٹکٹوں کی تقسیم کے فیصلوں کو تسلیم کریں، وزیراعلیٰ

پشاور( آوازچترال  )  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کارکن ٹکٹوں کی تقسیم کے فیصلوں کو تسلیم کریں اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر پارٹی امیدوار کو ووٹ دیں۔ انہوں نے صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیر لوئر میں اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں بعض منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔  ان منصوبوں میں چکدرہ تا دیر موٹروے،  چکدرہ بائی پاس روڈ، تیمرگرہ واٹر سپلائی اسکیم،  دیر میڈیکل کالج، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تیمرگرہ کی کیٹیگری اے میں اپگریڈیشن،  یونیورسٹی کیمپس کی مکمل یونیورسٹی میں اپگریڈیشن، تالاش بائی پاس روڈ،  خال گریٹر واٹر سپلائی اسکیم،  تیمرگرہ اسپورٹس کمپلیکس،  گوپلم ایریگیشن اسکیم اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔  انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا امیدوار وہی ہوگا جس کے پاس بلے کا انتخابی نشان ہوگا انہوں نے کہا کہ وہ بذات خود لوئر دیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہوسکیں اور عوام بلاتاخیر ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔  وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ دیر میں جاری تمام منصوبے اسی دور حکومت میں مکمل کئے جائیں اور نئے منظور شدہ منصوبوں پر بھی اسی دور حکومت میں عملی کام کا آغاز کیا جائے۔  وہ گزشتہ روز دیر لوئر کے  معززین علاقہ اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں پر مشتمل دو الگ الگ  وفود سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی ملک شفیع اللہ خان اور دیر لوئر سے ممبر صوبائی اسمبلی ہمایون خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دیرکو وہ اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،موجودہ دور حکومت میں دیر لوئر اور دیر اپر میں جتنے ترقیاتی منصوبے منظور کئے گئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔  وزیر اعلیٰ نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کا بھر پور ساتھ دیں اور پارٹی امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق کو برقرار رکھیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button