چترال کے عوامی حلقوں نے لینڈسٹلمنٹ سے متعلق کیسز کیلئے ایڈیشنل کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کیمپ کورٹ قائم کرنے کا مطالبہ
چترال ( آوازچترال ) چترال کے عوامی حلقوں نے لینڈسٹلمنٹ سے متعلق کیسز کیلئے ایڈیشنل کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کیمپ کورٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے مختلف اخباری بیانات میں عوامی حلقوں نے اس امر کا اظہار کیا ۔ کہ چترال کے سینکڑوں افراد کےلینڈ سٹلمنٹ کیسز ایڈیشنل کمشنر ملاکنڈ ڈویژن میں زیر سماعت ہیں۔ جن کیلئے چترال کے غریب لوگوں کو اس مہنگائی کے دور میں ہزاروں روپے آنے جانے پر خرچ کرنے پڑتے ہیں ۔اور ناموافق موسمی حالات میں اخراجات میں اضافہ اور مصائب و مشکلات اس کے علاوہ ہیں ۔ انہوں نے کہا۔ کہ لینڈ سٹلمنٹ کے قیام کے بعد ان کیسز کی سماعت ایڈیشنل کمشنر ملاکنڈ ڈویژن چترال آکر کرتے رہے ہیں ۔ اس سےمقامی سائلین کو بہت سہولت مل رہی تھی ۔ لیکن یہ سہولت بعد میں واپس لے لی گئی ہے ۔ جو کہ چترال کے لوگوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کی انتہا ہے ۔ انہوں نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے پر زور مطالبہ کیا ۔ کہ لینڈسٹلمنٹ سے متعلق سائلین کو ریلیف دینے کیلئے چترال میں ایڈیشنل کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کیمپ کورٹ قائم کرنے کے سلسلے میں خصوصی احکامات صادر کریں ۔تاکہ چترال کے سائلین کو سفر اور اخراجات کے اس عذاب سے نجات مل سکے ۔