آزادی کا وقت آگیا ،اپوزیشن کی سیاسی موت یقینی ہے: وزیراعظم
کراچی( آوازچترال ) وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا وقت آگیا ہے،اپوزیشن نےعدم اعتماد لا کروہ کام کیا جس کی میں خود اللہ سے دعا مانگ رہاتھا،اب یہ خود جال میں پھنس گئے۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کے بعد گورنرہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں آزادی کا وقت قریب آگیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آزادی کا وقت آگیا ہے، سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو اپوزیشن کی سیاسی موت قرار دے دیا۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر چیئرمین پیپلز پارٹی کی اردو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری خدا کا واسطہ ہے بلاول کو اردو تو سکھا دو، 15 سال ہو گئے ہیں اسے ابھی تک یہ نہیں پتہ کہ بارش آتا ہے یا آتی ہے، میں نے دو سال میں انگریزوں کو اردو سیکھتے دیکھا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے وہ کام کیا جس کے لیے میں اللہ سے دعا مانگ رہا تھا کہ یہ کریں، ایک کہاوت ہے کہ جب گیڈر کی موت آتی ہے تو وہ شہر کی جانب دوڑتا ہے اور عدم اعتماد اپوزیشن کی سیاسی موت ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں کپتانی کا راز یہی ہے کہ وہ پہلے دن سے اگلے دن کی پلاننگ شروع کرتا ہے، میں بہت ٹائم سے انتظار کر رہا تھا، میں 25 سال سے ان چوروں کے خلاف جہاد کر رہا ہوں، اپنے ملک کے لیے ان چوروں کے خلاف لڑ رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں تمام مشکلات سے نکالا ہے اور مجھے اللہ پر یقین ہے کہ ہم اس مشکل سے بھی نکل جائیں گے، ڈاکوؤں کے گلدستے کو خوف آنا شروع ہو گیا ہے، سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خود اندرون سندھ کا دورہ کرنے آ رہا ہوں، آصف زرداری میرا پہلا ٹارگٹ ہے، اب میرا مشن ہے کہ جو ظلم سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہو رہا ہے انہیں اس سے آزادی دلوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو کے سی آر کی مبارکباد دیتا ہوں،کسی وفاقی حکومت نے کراچی میں وہ کام نہیں کیے جو ہم کرنے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈ ٹیکس کلیکشن ہماری حکومت میں ہوئی، یہی وجہ ہے کہ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کیں، ہمارے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت دبئی سے بھی کم ہے جہاں سے تیل ان کی زمین سے نکلتا ہے۔