تازہ ترین

تحریک عدم اعتماد: پیپلزپارٹی نے تاریخ دے دی ، شیخ رشید کی اپوزیشن کومذاکرات کی پیشکش

لاہور (  آواز چترال)  پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 8 یا 9 کو وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردیں گے۔ صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ریاست کو بچانے کے لئے اب عمران خان کو گھر جانا ہوگا،  ہمارے نمبر پورے ہیں تبھی تو میدان میں آئے ہیں، ہماری کوشش ہوگی ایمپائر نیوٹرل ہو جائے۔  خورشید شاہ نے انکشاف کیا کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہوگئے ہیں، 8 یا 9 مارچ کو وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف بھی عدم اعتماد پیش کریں گے، اور ہم  جس کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے وہ کامیاب ہوگی۔ ادھر برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے  وزیر داخلہ  شیخ رشید نے مڈٹرم انتخابات کے معاملے پر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے دی، وزیر داخلہ نے کہا کہ اتحادیوں کی طرح اپوزیشن سے بھی مذاکرات ہونے چاہئیں۔ وزیر داخلہ نے اپوزیشن کو قبل از وقت انتخابات کے معاملے پر مذاکرات کی دعوت دی اور کہا کہ بات چیت ہونی چاہیے، حالات ہی ایسے ہیں۔ شیخ رشید کا تجویز دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن میں شامل جماعتوں سے بھی مذاکرات ہونے چاہئیں، یہ وقت مل بیٹھ کر بات کرنے اور مسائل حل کرنے کا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے ایک نجی ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید نے اس سے قبل بھی ایک پروگرام میں کہا تھا کہ جو انتخابات 5 سال بعد ہونے ہیں وہ ایک سال یا 6 مہینے پہلے بھی ہوسکتے ہیں اور اگر ایسا ہو بھی جاتا ہے تو کون سی قیامت آ جائے گی؟ آئیں ہم مل کر بات چیت کرتے ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button