تازہ ترین

‘عوام کو بلا سود قرض دے رہے ہیں تاکہ غریب بھی اپنے گھر کا خواب دیکھ سکیں’

 اسلام آباد( آواز چترال ) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم سے وعدہ کیا ہے شہری جتنا ٹیکس دیں گے وہ اپنے نچلے طبقے پر لگاؤں گا،ملک کے ہر شہر میں کچی آبادیاں بڑھتی جا رہی ہیں،اس لیے بلا سود قرض دے رہے ہیں تاکہ غریب لوگ بھی اپنے گھر کا خواب دیکھ سکیں۔ اسلام آباد میں بلاسود قرضے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے خواب کا نام تھا، ہمیں مثالی اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا، لیکن یہ افسوس ناک ہے کہ پاکستان جس نظریے پر بنا تھا اس پرنہیں چل سکے اور جوانسان اپنے نظریے سے ہٹتا ہے وہ بھٹک جاتا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر شہر میں کچی آبادیاں بڑھتی جا رہی ہیں، کراچی میں 40 فیصد کچی آبادی ہے، لاہور میں بھی کچی آبادیاں بڑھ گئی ہیں، قرض بلا سود اس لیے دے رہے ہیں تاکہ غریب لوگ بھی اپنے گھر کا خواب دیکھ سکیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے، ہمارے پاس پیسے زیادہ آئے جس پر بجلی کا فی یونٹ 5 روپے اور پیٹرول و ڈیزل 10 روپے فی لیٹرکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ  قوم سے کہتا ہوں کہ جتنا ٹیکس دیں گے وہ پیسا نچلی سطح تک لگاؤں گا، سود کے بغیرقرضے دیے جا رہے ہیں، اپنا گھربنانے کے لیے 20 لاکھ روپےکا قرض بغیرسود کے دے رہے ہیں، ہمارا مقصد ہےکہ لوگ اپنے پاؤں پرکھڑے ہوں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ پر فخر ہے، مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کے پاس ہیلتھ کارڈ آ جائے گا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے اچھے سے اچھے اسپتال جاکرعلاج کرایا جا سکتا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button