تازہ ترین

انٹگریٹڈ ٹوارزم زونز کا درجہ…..گھنول مانسہرہ، مانکیال سوات اور مداکلشت چترال شامل

پشاور( آواز چترال  )خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر صوبے کے تین سیاحتی مقامات کو انٹگریٹڈ ٹوارزم زونز کا درجہ دینے کی منظوری دیدی ہے جن میں گھنول مانسہرہ، مانکیال سوات اور مداکلشت چترال شامل ہیں۔ یہ منظوری منگل کے روز وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ ٹوارزم سٹرٹیٹجی بورڈکے پہلے اجلاس میں دی گئی جسے حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا، اشتیاق ارمڑ کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور بورڈ کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو مذکورہ انٹگرٹیڈ ٹوارزم زونزکے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مانسہرہ میں گھنول انٹگریٹڈ ٹوارزم زون 489 کنال جبکہ سوات میں منکیال450 اور لوئر چترال میں مداکلشت انٹگریٹڈ ٹوارزم زونز500 کنال رقبے پر محیط ہوں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ ان انٹگریٹڈٹوارزم زونز کیلئے زمین کی خریداری کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور متعلقہ زمین پر سیکشن فور بھی نافذ کردیا گیا ہے ۔ ان کے علاوہ ایبٹ آباد میں ٹھنڈیانی میں بھی انٹگریٹڈ ٹوارزم زون کے قیام کیلئے موزوں جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے جسے ضروری کاروائی مکمل کرنے کے بعد انٹگریٹڈ ٹوارزم زون کادرجہ دیا جائے گا۔ اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ ان انٹگریٹڈ ٹوارزم زونز کے ماسٹر پلانز پہلے ہی سے تیار کئے گئے ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں ان ٹوارزم زونزکے مینجمنٹ پلان تیار کئے جائیں گے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یہ انٹگریٹڈ ٹوارزم زونزبیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے بین الاقوامی نمائش دوبئی ایکسپو 2020 میں پیش کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کے دوران متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے کہ ان انٹگریٹڈ ٹوارزم زونزکی ریگولیشنز کی تیاری کا سارا عمل دو ماہ کے اندر اندر مکمل کرکے منظوری کیلئے پیش کی جائیں ۔ اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ انٹگریٹڈ ٹوارزم زونزمیں جنگلات اور دریاﺅں سمیت قدرتی ماحول کے مکمل تحفظ کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے جبکہ انٹگریٹڈ ٹوارزم زونزکے مینجمنٹ پلان کی تیار ی کاعمل بھی جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ان زونز پر بلا تاخیر عملی کام کا آغاز کیا جا سکے ۔اُنہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت بھی مضبوط ہو گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button