تازہ ترینکاروبار

ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 20 پیسے اضافہ

اسلام آباد ( آوازچترال)  آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 20 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ ایل پی جی کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 155 روپے 80 پیسے مہنگا ہوگیا ۔ ایل پی جی کی ایک کلوگرام کی نئی قیمت 216 روپے 89 پیسے مقرر کی گئی جس کے تحت گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2559 روپے 35 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر 2021ء سے ہوگیا۔   واضح رہے کہ اکتوبر میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2403 روپے 55 پیسے کا تھا۔ دوسری جانب ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ادارہ شماریات نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بتایا کہ اکتوبر میں مہنگائی میں 1.90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر 2020ء کے مقابلے میں اکتوبر 2021ء کے دوران مہنگائی کی شرح 9.19 فیصد رہی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2020ء کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر 2021ء مہنگائی 8.74 فیصد رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک سال میں گھی 43 فیصد، مسٹرڈ آئل 41.92 اور خوردنی تیل 40 فیصد مہنگا ہوا،چکن 34.69 فیصد، دالیں اور گوشت 17، آٹا 12.97 فیصد مہنگا ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں ٹماٹر 48.52، دال مونگ 29، پیاز 28 اور آلو 19 فیصد سستا ہوا ۔ ایک ماہ میں چکن 17.91 اور سبزی 15.26 فیصد مہنگے ہوئے، آلو 12.17 فیصد، گندم 7.25 اور چائے 4.95 فیصد مہنگی ہوئی۔ اس کے علاوہ ایک ماہ میں پیاز 12.70 فیصد اور چینی 7.72 فیصد سستی ہوئی، جبکہ دال مونگ 6.14 فیصد، انڈے 5.94 اور مصالحہ جات 3.85 فیصد سستے ہوئے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button