56

بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

اسلام آباد (  اواز چترال  ) نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ متعلق سینٹرل پاورپرچیز ایجنسی کی درخواست پر  نیپرا میں سماعت ہوئی۔ نیپرا حکام کے استفسار پر ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ ستمبر میں بجلی کی طلب 7 فیصد بڑھی ہے، ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹیں ہیں، جب تک نئے ٹرمینلز نہیں بنتے ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹیں رہیں گی، پاور ڈویژن نے جنوری تک چار ماہ کی ایل این جی کی طلب دے دی ہے اس کے علاوہ فروری تک بجلی پیداوار کے لئے فرنس آئل کی ڈیمانڈ بھی دے دی ہے۔ نیپرا حکام نے کہا کہ  ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق 2 روپے 51 پیسے بنتا ہے، اگست میں ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ ایف سی اے کی مد میں چارج کیا گیا تھا، ستمبر میں اگست کی نسبت ایف سی اے کی مد میں 56 پیسے زیادہ چارج ہو سکتے ہیں۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، جس کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا، صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادائیگی کرنا ہوگی۔ اتھارٹی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد اپنا فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ سماعت کے دوران وائس چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں بڑھنےسے بجلی کے نرخ بڑھتے ہیں، اگر سسٹم میں سستی بجلی آجائے تو مہنگی بجلی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے امید رکھیں کہ بہتری آئے گی۔

Facebook Comments