82

نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کا بھی اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

لاہور ( آوازچترال) نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کا بھی اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے یکطرفہ فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر اکتوبر میں اپنی مینز اور ویمن کرکٹ ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کر لی ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق سیکورٹی خدشات سے متعلق اطلاعات ملنے کے بعد اپنی ٹیمیں اگلے ماہ پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او وسیم خان نے واضح کیا تھا کہ وہ بیرون ملک ہوم سیریز نہیں کھیلیں گے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ نے دورے کو ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرکے بہت غلط مثال قائم کی، نیوزی لینڈ کے ٹور ختم کرنے کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھائیں گے، گزشتہ 48 گھنٹے ہمارے لیے بہت مشکل تھے، ہم کچھ حقائق منظر عام پر لانا چاہتے ہیں، جمعہ کی صبح 3 بجے ای ایس آئی سکیورٹی کے سربراہ رگ ڈیکاسن نے فون کال کی، انہوں نے بتایا کہ فائیو آئیز نے نیوزی لینڈ کے ڈپٹی وزیراعظم کو بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پر حملے کا خدشہ ہے۔   وسیم خان نے کہا کہ ہمارے پوچھنے کے باوجود ہماری سکیورٹی ایجنسیز کو اس تھریٹ کے بارے میں نہیں بتایا گیا، ہم نے اپنی سکیورٹی ایجنسیز سے رابطہ کیا تو انہوں نے واضح کیا کہ مہمان ٹیم کو کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں، جب آپ کسی دورے پر ہوں تو وہاں کی سکیورٹی ایجنسیز پر اعتماد کیا جاتا ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دورے کو ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرکے بہت غلط مثال قائم کی گئی ہے، اس فیصلے سے دونوں بورڈز کے تعلقات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے، پاکستان میں موجود مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں اور سکیورٹی نمائندگان نے سکیورٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، ہمارے لڑکوں نے نیوزی لینڈ میں 14 دن مشکل ترین قرنطینہ کیا، مسجد حملے کے باوجود وہاں گئے مگر سب کے سامنے واضح ہے کہ برابری کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہورہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ 5 سال انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے بہت محنت کی ہے، میں اور چیئرمین پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں یہ معاملہ اٹھائیں گے،پاکستان بیرون ملک ہوم سیریز نہیں کھیلے گا، پی سی بی کے پاس واضح ویژن ہے کہ پاکستان صرف پاکستان میں ہوم سیریز کھیلے گا جس کے لیے ہم مختلف بورڈز سے بات چیت کر رہے ہیں۔ پی سی بی نے ماضی قریب میں عالمی کرکٹ کا اعتماد جیتنے اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ شروع کرنے کے لیے سخت محنت کی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کی ساکھ اور محنت کو نقصان پہنچایا ہے۔ مالی نقصان ہے لیکن پاکستان کرکٹ کی ساکھ کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

Facebook Comments