تازہ ترینکاروبار

عمران نیازی اب تمہیں بنی گالہ گھر اور زمان پارک کی رسیدیں دینا پڑیں گی، نواز شریف

لاہور ( آوازچترال)   پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی اب تمہیں بنی گالہ گھر اور زمان پارک کی رسیدیں دینا پڑیں گی، کہتا تھا خودکشی کرلوں گا آئی ایم ایف سے بھیک نہیں مانگوں گا، اب بھاگ بھاگ کرایک ایک بلین ڈالر کی بھیک مانگ رہے ہیں، نیازی نے بجلی، پٹرول، گھی، چینی ، کھاد، ڈالر جس چیز میں ہاتھ ڈالا کئی گنا مہنگی کرکے سونا بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لندن سے ویڈیو لنک پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں بہاولپور ڈویژن کے تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مریم نواز ، پرویز رشید، احسن اقبال، خرم دستگیر، رانا ثناء اللہ، اویس لغاری نزہت صادق ودیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔   اجلاس میں  بہاولپور ڈویژن میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے پارٹی کارکنان سے خطاب کا آغاز شعر سے کیا کہ یہ حادثات نہ سمجھیں ابھی کہ پست ہوں میں، شکستہ ہو کے بھی، ناقابل شکست ہوں میں۔۔ انہوں نے کہا کہ یہ میں کوئی تکبر یا غرور کی بات نہیں کررہا، بلکہ عزم کی بات کررہا ہوں، اللہ کے فضل سے ہمارے بزرگ ، نوجوان، دوست،مائیں بہنیں اگر یہی جذبہ قائم کرلیں تو میں لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ پاکستان بدل جائے گا،پاکستان غاصبوں سے آزاد ہوجائے گا، پاکستان جس مقصد کیلئے بنایا گیا تھا وہ مقصد پورا ہوجائے گا، پھر پاکستان ترقی کی منازل اور عروج کی طرف چل پڑے گا۔ کہتے ہیں کہ عمران خان مٹی میں ہاتھ ڈالے تو سونا بنا دیتا ہے، چینی میں ہاتھ ڈالا تو 50 روپے سے 100 روپے فی کلو پر پہنچا دی، سونا بنا دیا بجلی میں ہاتھ ڈالا، 9 روپے یونٹ سے  22 روپے پر پہنچا دیا بجلی سونا بن گئی، گھی میں ہاتھ ڈالا 160 کلو سے 350 روپے فی کلو کرکے سونا بنا دیا، ڈالر میں ہاتھ ڈالا تو 100 روپے سے 170 روپے کا ہوگیا سونا بن گیا۔ کھاد میں ہاتھ ڈالا تو 2200 روپے کی بوری سے بڑھا کر 7000 ہزار بوری کرکے سونا بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ کہتا تھا پٹرول مہنگا ہو جائے تو وزیراعظم چور ہے، بجلی، دوائیاں مہنگی ہو جائیں تو وزیراعظم چور ہے، ملکی قرضے بڑھ جائیں تو وزیراعظم چور ہے، کہتا تھا میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، خودکشی کروں گا لیکن بھیک اور پیسے نہیں مانگوں گا، اب بھاگ بھاگ کر آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں ایک ایک بلین ڈالر کیلئے بھیک مانگ رہے ہیں۔ حال یہ ہے پتا نہیں لگتا کہ بنی گالہ اور زمان پارک کی رسیدیں کہاں ہیں؟ کدھر ہیں بنی گالا کی رسیدیں کہاں ہے زمان پارک کے گھر کی جو تزئین آرائش کی ہے اس کی رسیدیں، عمران نیازی اب تمہیں رسیدیں دینا ہوگی؟

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button