تازہ ترینسیاست

شیخ رشید کا سیاست سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

اسلام آباد ( آوازچترال ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ  کہ اگر انہیں کسی نے تنگ نہ کیا تووہ اگلا الیکشن نہیں لڑیں گے۔  انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ ان کے لیے بہت چیلنج بھری وزارت ہے۔ اس میں تو ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا ہے۔ ریلوے میں صرف ٹرین کا ہی حادثہ ہوتا تو بدنامی ہوتی تھی باقی تو نارمل وزارت تھی مگر یہاں 18 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔ وزارت داخلہ سنبھالنے کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک سفارت خانوں میں 12، 14 سال سے بیٹھے نادرا کے سارے افسران کو تبدیل کردیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ ہو، اس کے علاوہ ویزا آن لائن کر دیا ہے۔ پہلے کوئی 70 ہزار روپے دیتا تھا اور ویزے کا ٹھپہ لگوا لیتا تھا۔ اب جو بھی آن لائن ویزا اپلائی کرتا ہے، اسے اسی وقت ویزا مل جاتا ہے، وزارت داخلہ میں 3،3 لاکھ افراد کی ویزا درخواستیں پڑی ہوتی تھیں اب ہمارے پاس ایک ویزا بھی بیک لاک میں نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اب راولپنڈی میں نالہ لئی کی تعمیر ان کا مسئلہ ہے وہ حل ہو جائے تو ان کے سیاسی مقاصد مکمل ہو جائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اس سے قبل انہوں نے ڈھوک دلال کالج ہسپتال اور ریلوے سٹیشن کالج مکمل کر لیے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں نالہ لئی پر ایک اتھارٹی بن جائے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی دو سال پڑے ہیں لیکن ان کا خیال یہی ہے کہ ریٹائر ہو جائیں،ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں کسی نے تنگ نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں لڑیں گے۔  شیخ رشید کے مطابق وہ 2018 کا الیکشن بھی نہیں لڑ رہے تھے ’لیکن جب نواز شریف نے یہ کہا کہ یہ (شیخ رشید) اگلی دفعہ اسمبلی میں نہیں ہوگا تو پھر انہیں مجبورا اللہ کی مدد سے یہ لڑنا پڑ گیا۔‘

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button