82

صدر مملکت نے سینئر سٹیزن بل اور نفاذ ملکیتی حقوق نسواں ترمیمی بل پر دستخط کر دیئے

اسلام آباد (  آوازچترال) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینئر سٹیزن بل اور نفاذ ملکیتی حقوق نسواں ترمیمی بل پر دستخط کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق بل کے تحت اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ، قانون کے تحت سینئر سٹیزن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، بزرگ افراد کیلئے اولڈ ایج ہوم دارالشفقت کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ، 60 سال سے زائد عمر کے افراد سینئر سٹیزن کارڈ کے اہل ہوں گے ، بزرگ شہریوں کو میوزم ، پارکس اور لائربیری جیسی سہولیات مفت حاصل ہوں گی ، علاج معالجے کی سہولیات، دواؤں پر رعایت، علیحدہ کاؤنٹر اور علیحدہ وارڈز کی سہولیت مہیا کی جائے گی، بزرگ افراد کو فضائی اور ریلوے کے سفر پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی ، مستحق اور اہل بزرگ افراد کو مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے نفاذ ملکیتی حقوق نسواں ترمیمی بل 2021 پر بھی دستخط کیے جس کے تحت نفاذ ملکیتی حقوق نسواں ایکٹ 2020 کے سیکشن 5 میں ترمیم کی گئی ہے ، ترمیم کے تحت محتسب کے فیصلے کیخلاف صدر مملکت کو 30 دن کے اندر اپیل کی جا سکے گی۔ خیال رہے کہ ابتدائی طور پر اس قانون کا اطلاق صرف اسلام آباد کے بزرگ شہریوں پر ہوگا ، بل کے مطابق حق دار سینئر سٹیزن کی حکومت معاشی امداد کریگی،انفراد ی طور پر انکم ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنیٰ ہونگے،سینئر سٹیزن کی پراپرٹی کی ٹرانسفر سے متعلق ٹرانسفری کو تمام متعلقہ دستاویزات دکھانا لازم ہو گا،سینئر سٹیزنزکی شکایات کے لئے شکایات کمیٹی کا تشکیل عمل میں لایا جائے گا، جو کہ تین ممبران پر مشتمل ہو گی،جس ادارے یا شخص کیخلاف ایکٹ پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے شکایات موصول ہو گی اس پر پچاس ہزار تک کا جرمانہ ہو گا۔

Facebook Comments