تازہ ترین

راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل، زلفی بخاری اور غلام سرور خان کو کلین چٹ دے دی گئی

اسلام آباد ( آوازچترال  ) راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں زلفی بخاری اور غلام سرور خان کو کلین چٹ دے دی گئی‏۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی جناب سے وزیراعظم عمران خان کو جمع کروائی گئی راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں سابق معاون خصوصی زلفی بخاری اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو کلین چٹ مل گئی اور اسکینڈل کی ابتدائی رپورٹ میں سیاسی شخصیات کو کلیئر کر دیا گیا ہے ، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں وفاقی کابینہ کے کسی رکن کے ملوث ہونے کا ذکر نہیں کیا گیا۔ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی تحقیقاتی رپورٹ کے مندرجات سامنے آگئے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ معاملے کی راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی 6 رکنی جے آئی ٹی نے تحقیقات میں 21 ہزار صفحات کی جانچ پڑتال کی، ایک سو کے قریب افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، رنگ روڈ کی الائنمنٹ تبدیل کرنا اور غیر قانونی ایوارڈ ہونا ثابت ہو گیا، رنگ روڈ کی الائنمنٹ تبدیل کرنے کی منظوری صوبائی ڈویلپمنٹ بورڈ سے نہیں لی گئی، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کے لیے غلط بیانی کی گئی ، معاملے پر اینٹی کرپشن پنجاب نے پراجیکٹ ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔   رپورٹ کے مطابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کا وزیراعلیٰ پنجاب سے ہدایات لنیے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی پراجیکٹ نے ہاوَسنگ سوسائیٹیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے 5 نئی انٹر چینج تجویز کیں ، رنگ روڈ منصوبے میں وزیر اعظم کی ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی، منصوبے کی لاگت میں پی سی ون میں تبدیل کرنے سے 10 ارب کا اضافہ ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردی گئی، حکومت نے رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے ملاقات کی ، اس ملاقات میں مشیر احتساب شہزاد اکبر میں موجود تھے ، اس موقع پر ڈی جی اینٹی کرپشن نے وزیراعظم کو رنگ روڈ کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی ، وزیراعظم عمران خان کو ڈی جی اینٹی کرپشن کی طرف سے رپورٹ پر بریفنگ بھی دی گئی ، رنگ روڈ اسکینڈل رپورٹ جلد پبلک کی جائے گی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button