107

عید کے موقع پر عیدی، پٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کچھ روز کیلئے موخر

اسلام آباد ( آوازچترال) عید کے موقع پر عیدی، پٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کچھ روز کیلئے موخر،عید تعطیلات کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے 17 مئی کو فیصلہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق عید کی چھٹیوں کے باعث آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) پیٹرولیم مصنوعات کی 15 روزہ قیمتوں کی سمری تیار نہیں کرسکا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی پندرہ روزہ قیمتوں کا اطلاق 16مئی سے ہونا تھا تاہم اب نئی قیمتوں کا اعلان 17 مئی کو متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا پیرکوپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 18مئی سے متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کے اعلان تک پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ دوسری جانب ایف بی آر کی جانب سے مئی کے ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی گزشتہ ماہ کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے سیلز ٹیکس میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے مٹی کے تیل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کی ہے۔ لائٹ اسپیڈ ڈیزل پر عائد سیلز ٹیکس میں 9 فیصد سے زائد جبکہ مٹی کے تیل پر عائد سیلز ٹیکس میں ڈیڑھ فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ جبکہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 17 فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل کی جانب سے بتایا گیا کہ اوگرا نے سمری میں قیمتیں 5سے 10روپے بڑھانے کی سفارش کی تھی، تاہم وزیراعظم نے پرانی قیمتیں برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہیں بڑھائی جائے گی۔ اس وقت ملک میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 108.56 روپے، ڈیزل کی قیمت 110.76 روپے فی لیٹر، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 77 روپے 65 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 80 روپے ہے۔

Facebook Comments