99

بلاول بھٹو نے ملک کے وسیع تر مفاد میں وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا

کراچی ( آوازچترال) پیپلز پارٹی کا پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے انتہائی موثر حکمت عملی تشکیل دینے کا دعویٰ، بلاول بھٹو نے ملک کے وسیع تر مفاد میں وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ’منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے وزیراعظم عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا‘، یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا جی ایس پی پلس کا درجہ داؤ پر لگ گیا ہے۔ اگر پاکستان کو جلد گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے موثر حکمت عملی تشکیل نہ دی گئی تو ملک بلیک لسٹ میں بھی جاسکتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کو بلیک لسٹ سے نکالنے کے لیے ہم نے موثر حکمت عملی تیار کر لی ہے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کیا، جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا منفی تاثر ابھرا اور اب پاکستان بلیک لسٹ ہوونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلسل نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتی رہی مگر حکومت نے ایسا نہ کیا اور معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات پڑے، سیاسی انتقام کے لئے منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچادیا، شرمندگی کا مقام ہے کہ کمبوڈیا، گھانا اور زمبابوے جیسے پسماندہ ممالک کے ہمراہ پاکستان بھی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نہ نکل سکا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے ملک کے گلی کوچوں میں مہنگائی کے سونامی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ ہونے والا ایک ایسا فراڈ ہے، جس نے ملک کے روشن مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگادئیے، مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئیں گے، غیرملکی سرمایہ دار کیسے بھروسہ کریں گے کہ عمران خان خود پاکستان کو خدانخواستہ کرپشن کا گڑھ ثابت کرتے رہے ہیں، یومیہ 12 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگا کر اقتدار میں آنے والوں نے اپنی حکومت کے 997 دنوں میں مبینہ یومیہ کرپشن کا کتنا پیسہ قومی خزانے میں جمع کرایا چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج اگر عوام مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہورہے ہیں تو اس کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں، یہ تبدیلی نہیں یہ تباہی ہے، فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے ملک کے گلی کوچوں میں مہنگائی کے سونامی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی۔

Facebook Comments