تازہ ترینکھیل

فردوس عاشق اعوان کی ویمن کرکٹرز کو کوچنگ کی پیشکش

لاہور (  آوازچترال ) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پاکستان میں خواتین کرکٹرز کو کوچ دینے کی پیش کش کی ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے زیراہتمام ویمن پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی اعوان نے کہا کہ خواتین کرکٹرز اس اقدام سے مستفید ہوں گی۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز نے خواتین کرکٹرز کے لئے ایک عمدہ پروگرام شروع کیا ہے، ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مقابلے میں پاکستانی خواتین کرکٹرز مہارت میں پیچھے ہیں، اس پروگرام سے اس خلا کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کا ایک بڑا نام بھی ہیں اور وہ ہر کھیل میں پاکستان کو سر فہرست دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے سکول کے دنوں میں کرکٹ کھیلتی تھی لیکن اس وقت مناسب کوچنگ دستیاب نہیں تھی، میں کرکٹ کو واقعتا اچھی طرح سمجھتی ہوں اس لئے میری کوچنگ کی خدمات خواتین کرکٹرز کے لئے بھی دستیاب ہیں۔ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بھی پی ایس ایل فرنچائز کے ذریعہ شروع کیے گئے پروگرام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑے شہروں میں خواتین کرکٹرز کو ٹرائلز کے ذریعے منتخب کیا جائے گا۔ خواتین کرکٹرز میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے۔ یہ پروگرام انھیں مناسب رہنمائی فراہم کرے گا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button