آئندہ 24گھنٹے اہم ہیں، حالات بہتر ہوجائیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد (آوازچترال ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شرپسندوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہو جائیں گے، ہم معاہدے کے مطابق تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کابینہ اجلاس میں تمام 27 نکاتی ایجنڈا کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کرونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو ملک میں کووڈ ویکسی نیشن سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے کرونا وبا کی تیسری لہر کے باعث ایس او پیز پر موثر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، کابینہ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ رمضان المبارک میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے۔ و زیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے پیداصورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیر داخلہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتایا کہ حکومت تحریک لبیک کے ساتھ مسلسل مذاکرات کررہی تھی، لیکن یہ ایک طرف مذاکرات تو دوسری طرف مارچ کی تیاری کر رہے تھے۔ اجلاس سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے متوقع مارچ میں شرپسند عناصر کے فائدہ اٹھانے کی اطلاعات تھیں، لیکن احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کوامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہو جائیں گے، اور ہم معاہدے کے مطابق تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔