بیٹے کی شادی پر ماں کو دہائیوں سے گمشدہ بیٹی مل گئی،ماں بیٹی گلے لگ کر روتی رہیں
بیجنگ (آوازچترال ) شادی کی تقریب میں جب رفقا اکٹھے ہوں اور اچانک ہی انکشاف ہو کہ جو دلہن ہے اسکی حقیقی والدہ دولہے کی ماں ہے یعنی جس خاتون کی وہ بہو بننے جا رہی ہے وہ اس کی ساس نہیں بلکہ حقیقی والدہ ہے اوراس موقعہ پر ایک عرصے سے دل میں ماں کے پیار کے لیے ترسنے والی لڑکی کی کیا کیفیت ہو گی اس کا شاید ہی اندازہ کیا جا سکے۔ گزشتہ دنوں ایسا ایک حقیقی واقعہ چین میں پیش آیا جہاں ایک شادی کی تقریب جاری تھی کہ دولہے کی والدی نے اپنی بہو کے ہاتھ کو غور سے دیکھنا شروع کیا۔جب ساس صاحبہ نے اپنی بہو کا ہاتھ غور سے دیکھا تو ا س کے ہاتھ پر موجود اس پیدائشی نشان کو پہچان لیا جو کہ اس کی بیٹی کے ہاتھ پر تھا۔تب دولہے کی والدہ نے اپنی بہو کے والدین کو بلایا کہ یہ لڑکی ان کی سگی بیٹی ہے یا لے پالک تو دولہن کے والدین نے تسلیم کیا کہ یہ لے پالک ہے اور بیس سال قبل انہیں سڑک کنارے ملی تھی اور یہ ہماری سگی بیٹی نہیں ہے۔ تب دولہے کی ماں نے انکشاف کیا کہ ایک حادثے میں میری بیٹی جدا ہو گئی تھی اور ہزار تلاشنے کے باوجود بھی نہیں مل پائی تھی اور میری بیٹی یہی ہے کیونکہ میں نے اس کے ہاتھ پر پیدائشی نشان سے پہچان لیا ہے۔تب دولہے کی والدہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دولہا اس کا حقیقی بیٹا نہیں بلکہ لے پالک ہے بیٹی کی گمشدگی کے بعد اس نے بھی ایک لڑکے کو گود لے لیا تھا۔ جب دولہن پر یہ منکشف ہوا کہ اس کی ہونے والی ساس ہی اس کی حقیقی والدہ ہے تو وہ اپنی والدہ کو گلے لگا کر اس قدرزاروقطار روئی کہ محفل میں شریک ہر شخص کی آنکھ اشکبار ہو گئی اور سبھی خوش و مسرت سے لبریز نظر آنے لگے کہ دو ماں بیٹی بیس سال کی جدائی کے بعد بالآخر ایک دوسرے سے مل گئے۔یوں ایک شادی کی تقریب میں دونوں خاندانوں کو دو دو خوشیاں نصیب ہوئیں اور شرکا محفل نے بھی دونوں ماں بیٹیوں کو مل جانے پر مبارکباد دی