تازہ ترین

پشاور کے میگا منصوبوں کیلئے 6ماہ کا روڈ میپ تیار

پشاور (آوازچترال رپورٹ )پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے پشاور میں جاری میگا ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اگلے چھ مہینوں کا روڈ میپ ترتیب دیا ہے جس کے تحت ان ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیشرفت اور ان کی بروقت تکمیل کے لئے مختلف سرگرمیوں پر مشتمل ایکشن پلان بمعہ ٹائم لائینز تیار کیا گیا ہے۔  مذکورہ روڈ میپ کی جزئیات کے مطابق نئے جنرل بس اسٹینڈ پر کام کا آغاز کرنے کے لئے مئی 2021، جبکہ رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے پر کام شروع کرنے کے لئے جولائی 2021 کا ٹائم لائن مقرر کیا گیا ہے۔  اسی طرح رنگ روڈ کے ساوتھ سیکشن کی امپرومنٹ کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز کرنے کے لئے جون 2021، ڈی ٹور روڈ پر کام کا آغاز کرنے کے لئے اپریل 2021، ہزارخوانی پارک کی تکمیل کے لئے اگست 2021 جبکہ شہر کے مختلف مقامات کی تزئین و آرائش کے منصوبے پر کام شروع کرنے کے لئے مئی 2021 کا ٹائم لائن مقرر کیا گیا ہے۔  شہر کی تزئین و آرائش کے منصوبوں میں بی آر ٹی کوریڈور کی بیوٹیفکیشن، حیات آباد میں گرین بیلٹس اور پارکوں کی تابانی، نہروں کی تزین و آرائش کے علاوہ رنگ روڈ، جی ٹی روڈ، جمرود روڈ پر شجر کاری شامل ہیں۔ شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پی ڈی اے کی روڈ میپ کے حوالے سے ایک اجلاس گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، ایم پی اے محمد آصف اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈی جی پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شراکاء کو مذکورہ روڈ میپ کے دیگر پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور ماڈل ٹاؤن کے مجوزہ منصوبے پر عملی کام کا آغاز کرنے کے لئے پیشرفت جاری ہے اس سلسلے میں لینڈ شئیرنگ فارمولے کے لئے قواعدو ضوابط پر کام جاری ہے اور توقع ہے کہ اس سال مئی تک پشاور ماڈل ٹاون کو پی ڈی اے کا اتھارٹی ایریا نوٹیفائی کردیا جائے گا۔  مزید بتایا گیا کہ ریگی ماڈل ٹاون کے زون ون کے الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے پیشگی امور کو حتمی شکل دی گئی ہے اور عنقریب الاٹیز کو ملکیت کے کاغذات دئے جائیں گے۔ اجلاس میں ریگی ماڈل ٹاون کے زون 1 اور 5 کے اراضی کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنرز پشاور، ڈپٹی کمشنرز خیبر اور پی ڈی اے کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔  اجلاس کو شہر کے تجارتی مقامات میں پارکنگ کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے اور پی ڈی اے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لئے لائحہ عمل اور ادارے میں کئے جانے والے اصلاحات کے علاوہ دیگر متعدد امور پر بریفنگ دی گئی۔  وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو پی ڈی اے تحت صوبائی دارالحکومت پشاور کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور مجوزہ منصوبوں پر ٹائم لائینز کے مطابق عملی پیشرفت یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔  وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ پی ڈی اے کے تحت کئے جانے والے تمام تعمیراتی کاموں کے ٹھیکوں میں سو فیصد شفافیت کو یقینی کے لئے ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ اور ای بلنگ کا نظام رائج کیا جائے اور پی ڈی اے کے جملہ امور کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ ادارے کی استعداد کار کو بہتر بنانے کے ساتھ اس کے جملہ امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کے لئے زیادہ سے سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button