تازہ ترین

شادیوں پر پابندی عائد، متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد (آوازچترال رپورٹ )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عالمی وبا کے کیسز بڑھنے کے باعث ملک بھر میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این سی او سی کے آفیشل ٹوئٹر  اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ا علامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا پھیلاؤ کے علاقوں میں 29 مارچ سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور  این سی او سی صوبوں کو کورونا پھیلاؤ کے ہاٹ اسپاٹ کے نقشے فراہم کرے گی،  صوبے اس سے پہلے بھی حالات کو  مدنظر رکھتے ہوئے پابندی لگا سکتے ہیں۔ این سی او سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام انڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، سوشل، کلچرل، سیاسی، جلوسوں سمیت تمام تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، 5 اپریل سے ملک بھر میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقاریب پر بھی پابندی ہوگی اور  عائد کی گئی پابندیاں فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی اور پابندیوں کا اطلاق 8 فیصد سے زائد مثبت کیسز کے اضلاع اور شہروں میں ہوگا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا،  بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سے متعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائےگا، تمام زمینی، فضائی اور ریلوے کا ڈیٹا دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ این سی او سی کی جانب سے صوبوں اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مقررہ وقت میں پورا کریں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button